تازہ ترینخبریںپاکستان

وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکا دورہ کوئٹہ؛ خضداردھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہنگامی دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ جہاں انھوں نے خضدار دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کر رہا ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر جنہیں بھارت کے ریاستی سرپرستی یافتہ پراکسیز (فتنہ الہندستان) نے نشانہ بنایا حملہ ایک بزدلانہ اور قابلِ مذمت کارروائی ہے جس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی بچوں اور دیگر متاثرین سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر کوئٹہ کور نے معزز مہمانوں کو اس سفاکانہ حملے پر بریفنگ دی، جس میں تین معصوم بچے اور دو سپاہی شہید ہوئے جبکہ 53 افراد زخمی ہوئے، جن میں 39 بچے شامل ہیں، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعظم، وفاقی وزرا اورفیلڈ مارشل نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی حالت دیکھ کر اس حملے کو بھارت کی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا، وزیراعظم اورفیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ دہشت گرد گروہ، جو لسانی شناخت کا لبادہ اوڑھ کر کام کر رہے ہیں، دراصل بھارتی ریاستی پالیسی کے آلہ کار ہیں، اور بلوچ و پختون اقوام کے اس عظیم ورثے کو داغدار کر رہے ہیں جو ہمیشہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو رد کرتی آئی ہیں۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوشش ناکام ہوگی۔ بلوچ و پشتون عوام نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے، دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور پاکستان کی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری قوت کے ساتھ متحد ہے۔ عالمی برادری بھارت کی دہشت گردی کا نوٹس لے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بچوں پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا، بھارت کی ریاستی پالیسی کے تحت پراکسیز کا استعمال قابل مذمت ہے۔ دشمن نے بچوں پر حملہ کر کے بزدلی کا مظاہرہ کیا، خضدار حملے کے مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایسے اخلاقی دیوالیہ پن پر مبنی ہتھکنڈوں، بالخصوص بچوں کو نشانہ بنانے جیسے قبیح عمل، پر بین الاقوامی برادری کی فوری اور غیر مبہم توجہ اور مذمت کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کو خارجہ پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کی روش کو پوری دنیا میں بے نقاب اور مسترد کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وحشیانہ فعل میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے بھرپور کارروائی کریں گے۔
اس حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور بھارت کا منافقانہ چہرہ، جو خود دہشت گردی کا مجرم ہے مگر دنیا میں مظلوم بننے کی کوشش کرتا ہے، مکمل طور پر بے نقاب کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف نے اس امر پر زور دیا کہ جیسے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم نے مثالی اتحاد اور استقامت دکھائی، اسی عزم کے ساتھ اب ملک میں بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں آج ایک اسکول بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جو نہایت قابلِ مذمت اور بزدلانہ حملہ ہے۔ اس بس میں معصوم بچے سوار تھے جنہیں بھارت کے ریاستی سرپرستی یافتہ پراکسیز (فتنہ الہندستان) نے نشانہ بنایا۔

بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید ہوئے۔ شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں افسوسناک دہشت گرد حملے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بیجز لگانے کی تقریب مؤخر کردی گئی۔ تقریب خضدار حملے کی وجہ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر مؤخر کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button