Column

عظیم سپہ سالار عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارک باد

عظیم سپہ سالار عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارک باد
بہادر سربراہ جنگوں میں اپنی افواج کی دلیری کے ساتھ قیادت کرتے اور فتح سے ہمکنار ہوتے ہیں۔ بزدل سربراہوں کی افواج کا انجام ہمیشہ بُرا ہوتا ہے اور بدترین ہزیمت اُن کا مقدر بنتی ہے۔ پہلگام ڈرامے کے بعد بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ پاکستان نے ابتدا میں پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جسے بھارت کسی خاطر میں نہیں لایا۔ پاکستان نے امن و امان کے لیے ہر اقدام یقینی بنایا۔ بھارتی لفظی گولا باریوں پر تحمل و بردباری کا مظاہرہ کیا گیا۔ پھر چار روز تک بھارت مسلسل پاکستان پر حملہ آور رہا۔ شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، عبادت گاہوں پر حملے کیے، 40شہری شہید ہوئے، جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔ بھارت نے پہلے جنگی طیاروں کے ذریعے پاکستان فتح کرنے کی کوشش کی، پاکستان کی دلیر افواج نے دشمن کے ان حملوں کو انتہائی مہارت سے ناکام بنایا۔ 6جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین ناقابلِ شکست قرار دیے جانے والے رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ ڈرونز بھیجے گئے، تمام ڈرونز کو انتہائی کامیابی کے ساتھ مار گرایا گیا۔ چار روز تک مسلسل بھارتی جارحیت پر جب پاکستان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن بُنیان مرصوص کیا تو محض کچھ ہی گھنٹوں میں انڈیا اور مودی کی چُولیں ہل گئیں، اُن کا ایس 400نظام تباہ کردیا گیا، کئی ایئربیسز کو نیست و نابود اور متعدد چوکیوں اور چیک پوسٹوں کو برباد کرڈالا گیا، جو دشمن کچھ گھنٹے قبل جنگ پر آمادہ تھا، جنگ بندی کے لیے بے چینی کے ساتھ امریکا کا دروازہ کھٹکھٹاتا نظر آیا۔ پاکستان نے امریکی ثالثی میں جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی، کیونکہ وطن عزیز امن پسند ملک ہے اور امن کی خاطر اس کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ جنگ مئی میں تاریخ کی بدترین ہزیمت بزدل بھارت کا مقدر بنی۔ پاکستان عظیم سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں شاندار طریقے سے سرخرو ہوا۔ دشمن کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملایا۔ معرکہ حق کے دوران جنرل عاصم منیر کی حکمتِ عملی ہر لحاظ سے قابلِ تعریف تھی۔ اس پر کئی عالمی میڈیائی اداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کی ستائش کی۔ گزشتہ روز جنرل عاصم منیر کی عظیم خدمات پر انہیں فیلڈ مارشل بنادیا گیا ہے۔حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارک باد دی۔ بیان کے مطابق کابینہ میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا۔ کابینہ نے کہا کہ دشمن کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ کابینہ نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرأت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔ کابینہ نے کہا کہ آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ بیان کے مطابق ان کی شاندار عسکری قیادت، جرأت اور بہادری، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیرانہ دفاع کے اعتراف میں جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیراعظم کی تجویز کابینہ نے منظور کرلی۔ وزیر اعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ افواج پاکستان کے افسروں و جوانوں، غازیان، شہدا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ سرکاری ایورڈز سے نوازا جائے گا۔ دوسری طرف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز پوری قوم، افواج پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ صدر پاکستان، وزیراعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، یہ انفرادی نہیں بلکہ افواج پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عظیم سپہ سالار عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے پر پوری قوم خوشی سے نہال ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یہ عہدہ بہت بہت مبارک ہو۔ اُن کی دلیرانہ قیادت میں یہ فتح قوم کو نصیب ہوئی ہے اور دشمن کا غرور ایک بار پھر پاش پاش ہوگیا ہے۔ پاکستان کا دفاع بہت مضبوط ہے۔ پاکستان کی سلامتی کے ضامن اداروں کا شمار دُنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج میں ہوتا ہے۔ ہر جوان اور افسر ملک و قوم پر جان نچھاور کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ افواج کی قیادت فیلڈ مارشل عاصم منیر ایسے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ دشمن نے آئندہ کوئی ایڈونچر کیا تو اس کا حشر جنگِ مئی سے بھی بُرا ہوگا۔
ٹیکس چور کسی رعایت کے مستحق نہیں
وطن عزیز میں ٹیکس ادائیگی سے بچنے کے ہتھکنڈے کئی عشروں سے آزمائے جارہے ہیں۔ اکثر متمول افراد ٹیکس چوری اپنا حق سمجھ کر کررہے ہیں۔ ایف بی آر کے چیئرمین کے مطابق پانچ فیصد اُمرا ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ اس باعث ملک و قوم کو عرصہ دراز سے مشکلات کے بھنور سے گزرنا پڑرہا ہے۔ مہذب دُنیا میں ٹیکس دہندگان باقاعدگی سے محصول ادا کرکے اپنے ملک کی ترقی میں بھرپور حصہ ڈالتے ہیں، لیکن یہاں ابتدا سے ہی ایسا بگاڑ پیدا کیا گیا ہے کہ جس میں اب تک سُدھار نہیں آسکا ہے۔ البتہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ٹیکس آمدن میں معقول حد تک اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں اُن کی جانب سے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کئی بار ٹیکس چوروں کے خلاف سخت اقدامات کا عندیہ دے چکی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سخت اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن اور نظام کو خودکار بنانے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، 70برس کے بگاڑ کو ٹھیک کرنے کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں۔ ایف بی آر کے امور اور جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کاروبار کے خلاف موثر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایف بی آر اور اس کے معاون قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیکس آمدن میں اضافے کے لیے کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس دینے والے افراد اور کاروبار کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے، لیکن ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کاروبار کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ بلاشبہ ٹیکس چور کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ان کو ہر صورت ٹیکس ادائیگی کا پابندی بنانے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

جواب دیں

Back to top button