تازہ ترینخبریںپاکستان

معرکہ حق کے حوالے سے یوم تشکر: ریاست و قوم خدا کے ہاں سجدہ شکر بجا لائی

بھارت کے خلاف معرکہ حق کے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں یو م تشکر منایا جارہا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سےکیاگیا جب کہ وفاقی درالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر کور کمانڈر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، فاتح خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ دریں اثنا، یوم تشکر کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جارہے ہیں اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جاکر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے، صدر مملکت نے شہید کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور انہیں صبر جمیل کی دعا دی۔

دریں اثنا، یوم تشکر کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی اور قومی پرچم کو خصوصی سلامی دی۔

علاوہ ازیں، صدر مملکت اور وزیراعظم نے معرکہ حق کی کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ اور بھرپور قوت سے جواب دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ بلااشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر رب ذوالجلال کے شکرگزار ہیں اور کامیابی پر مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ یہ کامیابی صرف پاکستان کی مسلح افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے، پوری قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑی ہے۔

جواب دیں

Back to top button