Column

پاکستان ایئر فورسپاکستان ایئر فورس

تحریر : امجد آفتاب
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور۔۔۔۔
جب ازلی دشمن بھارت نے اپنی عسکری برتری کے زوم میں، جب عسکری طاقت کی غرور و تکبر میں رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ آور ہوا تو پھر پاک فضائیہ کے دلیر سپوتوں نے ایسا جواب دیا جو عسکری تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح پاکستان افواج نے بھارت کا غرور و تکبر مٹی میں ملا کر رکھ دیا۔ 7مئی کی رات کو پاک فضائیہ اور بھارتی جہازوں کے درمیان معرکہ شروع ہوا، ایک گھنٹہ سے زائد اس جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے۔ تباہ کئے گئے جہازوں میں 3جدید رافیل ،1مگ 29اور ایک Su۔30شامل تھے۔
بزدل بھارت نے رات کی تاریکی میں مقدس سرزمین پر کئے گئے حملے کی ایسی ہزیمت اُٹھائی جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھی۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پوری طاقت کے ساتھ آپریشن ’’ بنیان مرصوص‘‘ ( آہنی دیوار) کا آغاز متعدد بیسز کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈرطیارے نے ہائپر سونک میزائلوں سے ادھم پور میں بھارت کے ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم بھارت کے جدید ترین دفاعی اثاثوں میں شامل ہوتا تھا۔ پاکستان ائیر فورس کے ہاتھوں رافیل طیاروں اور ایس 400ائیر ڈیفنس سسٹم کی تباہی دہلی کے لیے بہت بڑا نقصان اور دھچکا تھا۔ پاکستان فضائیہ کے شیر دل جوان اور اقبال کے شاہین انجام کی پرواہ کئے بغیر بھارتی فضاوں میں اپنے اہداف کو نشانہ بناتے رہے۔ پاک فضائیہ نے 26اہداف کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا جس سے دشمن کے ہوش اُڑ گئے۔ جنگی محاذ پر ملی اس کامیابی کو دنیا بھر میں پاکستان ایئر فورس (PAF)کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بے مثال کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ حال ہی میں برطانیہ کے معروف اخبار دی ڈیلی ٹیلیگراف نے پاکستان ایئر فورس کو Undisputed King of the Skies یعنی ’’ فضائوں کا بلامقابلہ بادشاہ‘‘ قرار دیا ہے۔ یہ پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ عالمی میڈیا بھی ہماری ایئر فورس کے جوش و جذبے اور صلاحیتوں کو تسلیم کر رہا ہے۔
پاکستان فضائیہ کی جانب سے رافیل طیارے مار گرانا دنیا بھر کی دلچسپی کا مرکز بن گیا ہے۔ عالمی افواج پاک بھارت طیاروں کی فضا میں لڑائی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ امریکی دفاعی ماہرین کے مطابق فضائی جھڑپ فوجیوں کے لیے سیکھنے کا ایک غیر معمولی موقع ہے۔ امریکی دفاعی ماہرین کے مطابق پائلٹ لڑاکا طیاروں اور فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی کارکردگی کا مطالعہ کیا کریں گے۔ اس علم کو اپنی فضائی افواج کو جنگ کی تیار کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔ ہمارے لیے کتنی فخر کی بات ہے کہ ہماری پاک افواج کی کارکردگی اور کامیابی کو دیگر ممالک میں عظیم جنگی مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
اس عظیم فتح پر عالمی میڈیا بھی پاکستان کے گُن گانے لگا اور پاک افواج کی شاندار کارکردگی پر تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔ برطانیہ کے سکیورٹی اور دفاعی تجزیہ کار مائیکل کلارک نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں پر حیرانی ہوئی ہو گی۔ پاکستان نے چائنیز ٹیکنالوجی استعمال کی اگر جے 10سی طیارے سے رافیل طیارے گرائے گئے تو یہ واقعی حیران کُن ہے۔
بی بی سی کے صحافی ایمرسن نے کہا ’’ بھارت کو یہ بات ماننی پڑی گی کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے۔ بھارت نے جنگ کے لیے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدا تھا اس کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔ امریکی ملٹری جریدے نے اپنے تجزیہ میں لکھا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستانی فضائیہ کے ساتھ خود کو برتر سمجھتا رہا ہے مگر ائیر فورس نے پوری دنیا کو پیغام پہنچا دیا ہے۔ عام تاثر یہ تھا کہ بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل ہے مگر پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ امریکی جریدے نے لکھا کہ بھارت کو نیو کلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں پاکستان سے بہتر تصور کیا جاتا رہا مگر پاکستانی فوج نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ائیر فورس نے ابتدائی حملوں کو روک کر غیر معمولی دفاعی صلاحیت ثابت کی۔ پاکستان نے آپریشن کے آغاز میں ہی بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی جہاز مار گرائے۔ جریدہ لکھتا ہے پاکستان فضائیہ کی برتری پاک فضائیہ پائلٹس کی بہتر تربیت اور اور جنگی تجربہ ہے ۔
بین الاقوامی جریدے ’’ دی نیشنل انٹرسٹ‘‘ نے بھی پاک فوج کی برتری کو تسلیم کیا ہے، جو اس تاریخی کامیابی کا عالمی اعتراف ہے۔ جریدہ لکھتا ہے پانچ بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانا پاکستان کی زبردست کامیابی ہے، پاک فضائیہ نے جے۔10 سی طیاروں اور PL۔15میزائلوں کی مدد سے بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان پہنچایا۔ رافیل جیسے جدید بھارتی جنگی طیارے تباہ ہونا بھارت کے لیے ناقابلِ تلافی دھچکا ہے،
پاکستان کی دفاعی طاقت اور عسکری حکمت عملی نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، دشمن کو سبق سکھانا پاک فوج خوب جانتی ہے، اور حالیہ فتح اس کی روشن مثال ہے۔

جواب دیں

Back to top button