
سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے والی پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکاہ علیزے شاہ نے خود سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر لب کشائی کی،اداکارہ نے کہا ہے کہ اب چیزیں برداشت سے باہر ہوچکی ہیں، سوشل میڈیا صارفین کا رویہ ناقابل برداشت ہوگیا۔
اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری شیئر کی جس میں لکھا کہ’’مسلسل ٹرولنگ، تنقید اور منفی رویے نے مجھے صرف جذباتی طور پر نہیں، بلکہ اب جسمانی طور پر بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔
یسا وقت آ گیا تھا کہ میرے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا، سوائے اس کے کہ میں خود کو مکمل طور پر سب سے الگ کر لوں،نہ صرف سوشل میڈیا سے بلکہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے بھی۔
میں ٹوٹ چکی ہوں، تھک چکی ہوں، اور اس حد تک دباؤ میں ہوں کہ اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
اداکارہ نے اسٹوری میں لکھا کہ ’’میں نے اپنی با ئیو تک اپڈیٹ کر دی کہ میں زندہ ہوں، اس کے باوجود کچھ لوگ جھوٹ پھیلاتے رہے، نیوز چینلز نے میرے والدین سے رابطہ کیا، یہ پوچھنے کے لیے کہ کیا میں زندہ ہوں یا مر چکی ہوں۔
علیزے شاہ نے ان لوگوں، نیوز چینلز سے سوال کیا کہ ’’ذرا تصور کریں کہ یہ سب کچھ ایک خاندان پر، ایک ماں کے دل پر کیا گزرتی ہے، خدارا سمجھنے کی کوشش کریں کہ یہ سب کچھ مجھے اور میرے پیاروں کو کتنی تکلیف دے چکا ہے،یہ دباؤ ناقابل برداشت ہو چکا ہے، اس کا بوجھ میرے جسمانی صحت پر اثر انداز ہو رہا ہے۔‘‘
اداکارہ نے درخواست کی کہ ’’مجھے کچھ وقت، کچھ سکون دیں، میری فیملی سے رابطہ کرنا بند کریں، جھوٹی کہانیاں گھڑنا بند کریں۔‘‘