پاکستان
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن کا شدید احتجاج

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہو گیا جس میں صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ تاہم اجلاس کے آغاز میں ہی اپوزیشن نے شدید احتجاج شروع کردیا ہے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہو رہا ہے، اجلاس کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے کے بعد تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے، صدر آصف علی زرداری اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کریں گے، صدر کے خطاب کے علاوہ ایوان میں کوئی اور کارروائی نہیں ہو گی۔ صدر کے خطاب کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔
اپوزیشن ارکان کی جانب سے صدر کے خطاب کے دوران احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے بھی اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کو ناکام بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔