شمالی وزیرستان میں جھڑپ میں 4 جوان شہید، 13 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، آدھی رات کو ہونے والی جھڑپوں کے دوران متعدد سیکیورٹی چوکیوں پر حملہ کرنے والے کم از کم 13 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کی رات کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے اسپالگا، گوش، ٹپی، باروانا، پیپانا لوئر اور پپانا ٹاپ کی 6 سیکیورٹی چوکیوں پر بیک وقت حملہ کیا، ذرائع نے بتایا کہ چیک پوسٹوں پر تعینات فوجیوں نے اس حملے کا موثر جواب دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ متعدد مبینہ طور پر زخمی ہوگئے، باقی دہشت گرد اندھیرے کی آڑ میں اپنے ساتھیوں کی لاشیں لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوگئے،شہید اور زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو میرانشاہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو بنوں کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا