اپوزیشن کی قومی یکجہتی کانفرنس کا دوسرا روز، پولیس کی نفری ہوٹل کے باہر تعینات

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قومی یکجہتی کانفرنس دوسرے روز جاری ہے، انتظامیہ کے روکنے کے باوجود اپوزیشن کے رہنما ہوٹل میں داخل ہوگئے، ہوٹل کے باہر پولس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قومی یکجہتی کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے کنوینر شاہد خاقان عباسی کو پولیس نے ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شکوہ کیا کہ وزیراطلاعات نے ٹی وی پرکہا تھا کہ کانفرنس کی اجازت ہے، کوئی رکاوٹ نہیں ہے، لیکن پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے، حکومت کو آپس کا ہی نہیں پتا کہ کیا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان یہ سب کچھ کر رہے تھے، اس وقت موجودہ حکمرانوں کی کیا رائے تھی، آج کیا رائے ہے؟ آج وہ خود حکمران بن کر بیٹھے ہیں تو یہ اس ملک کی بدنصیبی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی اور وہ ایک پیج پر نہیں ہیں، فارم 47 کی حکومت نے ملک میں آئین اور قانون کا مذاق بنا دیا ہے، اس دوران عمر ایوب، محمود خان اچکزئی، حامد رضا بھی ہوٹل کے باہر پہنچ گئے۔