جج جس نے ضیا الحق کو کرپٹ جرنیلوں کی پتلونیں اتارنے کی دھمکی

ملک کے سینئر صحافی حامد میر نے اپنے پسندیدہ جج کے ایم صمدانی کے بارے میں کالم لکھا ہے جس میں انہوں نے فوجی آمر ضیا الحق کو انکی پتلون اتارنے کی دھمکی دینے کا بھی ذکر کیا۔ وہ لکھتے ہیں٫ آج کل اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کو عہدوں کے حصول اور نوکریاں بچانے کیلئے اپنے آپ کو طاقتور لوگوں کے سامنے جھکتے دیکھتا ہوں تو مجھے ایک جج صاحب بہت یاد آتے ہیں جو واقعی معزز تھے۔ اس معزز جج کی یاد اسلئے آئی ہے کہ اگر وہ بھی کسی بند کمرے میں تھوڑا سا جھک جاتے اور کسی فیصلے کے ذریعے تھوڑا سا گر جاتے تو بڑی آسانی سے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بن جاتے۔مزید جھکتے جھکاتے سپریم کورٹ بھی پہنچ جاتے اور ایک دن چیف جسٹس آف پاکستان بھی بن جاتے لیکن وہ ایک اصلی جج تھے لہٰذا نہ تو بند کمرے میں جھکے نہ ہی کسی عدالتی فیصلے میں اپنے آپ کو گرایا بلکہ طاقت کے سامنے کھڑے ہو کر انکار کردیا۔
حامد میر نے ایک حیران کن واقعہ لکھتے ہوئے بیان کیا ہے کہ 1979ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد جنرل ضیاء الحق ایک ایسے خونخوار فوجی ڈکٹیٹربن چکے تھے جن کو امریکا کی پشت پناہی بھی حاصل تھی۔ ایک دن فوجی ڈکٹیٹر کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہا تھا۔ اجلاس میں تمام وفاقی سیکرٹری بھی موجود تھے۔ فوجی ڈکٹیٹر نے بڑی رعونت سے کہا کہ بعض سیکرٹری بڑے کرپٹ ہیں میرا جی چاہتا ہے کہ انکی پتلون اتار کر انہیں الٹا لٹکا دوں۔ اس فقرے کے بعد کابینہ کے اجلاس میں سناٹا چھا گیا۔ وفاقی سیکرٹری ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ سب خاموش تھے سب کو اپنی نوکری کی فکر تھی۔ جسٹس کے ایم صمدانی بدستور جج تھے۔ ڈیپوٹیشن پر لا سیکرٹری بنائے گئے تھے۔
وہ اجلاس میں کھڑے ہوگئے اور کہا کہ جنرل صاحب! میرا بھی جی چاہتا ہے کہ کرپٹ جرنیلوں کی پتلون اتار کر انہیں الٹا لٹکا دوں۔ یہ سنکر جنرل ضیاء سٹپٹا گئے۔ اجلاس میں بریک لیا گیا تو جنرل ضیاء نے جسٹس کے ایم صمدانی کو علیحدگی میں بلایا اور کہا کہ آپ مجھ سے معذرت کریں۔ جسٹس کے ایم صمدانی نے جواب دیا کہ اجلاس دوبارہ شروع ہوتے ہی آپ اپنے الفاظ واپس لیں تو میں بھی اپنے الفاظ واپس لے لوں گا۔ جنرل ضیاء نے معذرت سے انکار کیا تو جسٹس کے ایم صمدانی نے بھی معذرت سے انکار کر دیا۔ مارچ 1980ء میں پیش آنیوالا یہ واقعہ جسٹس کے ایم صمدانی نے کئی سال کے بعد جناب عامر خاکوانی کو خود سنایا تھا