پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسپیکر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے جب کہ اپوزیشن کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ 2 جنوری کو پیش کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات اسپیکر ہاؤس میں ہوئی، ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی۔ حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل تھے۔
اسحٰق ڈار کا شکوہ
اجلاس کے دوران حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسحٰق ڈار نے شکوہ کیا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کی بات کرتی تو دوسری طرف سے ٹویٹ آجاتا ہے۔
جس پر اپوزیشن کمیٹی کے رکن اسد قیصر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں اس مسئلے پر تفصیلی بات کی ہے اور اس عمل کی مذمت بھی کرتے ہیں۔
آج مثبت ماحول میں گفتگو ہوئی، اسپیکر قومی اسمبلی
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، دونوں نے مثبت طریقے سے گفتگو کی اور بہت مثبت ماحول میں گفتگو ہوئی، آج کچھ ماضی اور کچھ حال کی باتیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول اچھا تھا اور امید نظر آتی ہے سب ملکر کوشش کررہے ہیں، مذاکرات سے ملکی مسائل حل ہوں گے، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے جب کہ جمہوریت اور معیشت کا استحکام ملک کے لیے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن کے کچھ ارکان تشریف نہیں لاسکے، جس کی وجہ سے مطالبات پیش نہیں کیے جاسکے، 2 جنوری کو دوبارہ ملاقات ہوگی، کمیٹیوں کے ارکان آئندہ اجلاس میں اپنے مؤقف پیش کریں گی۔