ن لیگ معاہدے پر عمل نہیں کررہی، آئين سازی کے وقت کی گئی باتوں سے پيچھے ہٹ گئی: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ وہ جوڈیشل کمیشن سے احتجاجاً علیحدہ ہوئے، ن لیگ معاہدے پر عمل نہیں کررہی، آئين سازی کے وقت کی گئی باتوں سے پيچھے ہٹ گئی ہے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت معاہدے پر عمل نہیں کررہی، آئين سازی کے وقت کی گئی باتوں سے پيچھے ہٹ گئی ہے، وفاق میں نہ عزت دی جاتی ہے ، نہ سیاست کی جاتی ہے، نہ معاہدے پر عمل ہو رہا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ قانون سازی پر پوری طرح سےمشاورت ہونی چاہیے، یہ عجب ہےکہ پہلے فلور پر بل آئے پھر مجھےکاپی دی جائے، سیاست عزت کے لیے ہوتی ہے، سیاست میں ناراضی نہیں ہوتی، حکومت کےساتھ ناراضی کا سوال ہی نہیں، دنیا میں حکومت اتحادیوں کے ساتھ معاہدوں پر عمل کرتی ہے، ہم دیکھیں گےکہ معاہدےپر عمل درآمد کیاہوا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ احتجاجاً جوڈيشل کمیشن سے علیحدہ ہوئے ہیں، جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا، دیہی سندھ سے سپریم کورٹ میں جج ہوتے تو برابری کی بات کرتا، سندھ کے ساتھ بار بار تفریق اور الگ سلوک نظر آتا ہے