سیاسیات

تحریک انصاف کا عین ایس سی او اجلاس کے دن ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان

عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایس سی او کے اجلاس کے دوران ’شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔‘

تحریک انصاف کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ’تحریک انصاف کی پولیٹکل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کے اگر عمران خان صاحب تک فوری رسائی نہیں دی جاتی تو اسلام آباد میں 15 اکتوبر کو پورا پاکستان پہنچے گا۔ پنجاب میں جاری تمام احتجاج موخر کیے جاتے ہیں۔ کارکنان اسلام آباد کی تیاری کریں۔‘

خیال رہے کہ عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارت عظمیٰ سے بے دخلی کے بعد سے کئی مقدمات کا سامنا ہے اور وہ فی الحال اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس خوش اسلوبی سے ہوگا اور اس دوران ’شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔ ہم مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ایس سی او میں شامل 12 ملکوں کے سربراہان آ رہے ہیں۔ ’پاکستان کی عزت و تکریم میں بین الاقوامی سطح پر اضافہ ہوگا اور ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔‘

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھ کرسکون کرنا چاہیے۔ سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔‘

ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کو ’پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کڑی‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس کے دوران ’ہم ملک کو یرغمال بننے نہیں دیں گے۔‘

ایس سی او اجلاس کی سکیورٹی کے لیے اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک فوج تعینات کی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button