فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس جاری

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے اور غزہ و فلسطین کے معاملے پر ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سمیت اور ملک کی دیگر سیاسی قیادت بھی شریک ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یاسر عرفات یہاں آتے جاتے رہے، بینظیر بھٹو کے ساتھ میں ان سے ملتا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال پہلے اسرائیل نے غزہ اور فلسطین پر جارحیت کی، اسرائیل کے اقدامات دنیا کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اسرائیل فلسطین کے علاوہ لبنان پر بھی جارحیت کر رہا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اسرائیلی جارحیت کے باعث 41 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطین اور غزہ میں صحت اور تعلیم کا ڈھانچہ مکمل تباہ ہوچکا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو جارحیت سے روکے۔ ہم اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر فورم پر اٹھاتے رہیں گے، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو جارحیت سے روکے۔
انکا کہنا تھا کہ اسرائیل تمام قبضہ کیے گئے عرب علاقوں سے واپس جائے، عالمی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے میں ناکام ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس اے پی سی میں شرکت سے معذرت کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پارٹی رہنما اور کارکن گرفتار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں کے حالات میں اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کو فلسطین پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔