علی امین گنڈاپور کا ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کا اعلان

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ’جس نے گولی مارنی ہے مار دے، میں کھڑا ہوں اور ہر صورت ڈی چوک جاؤں گا۔‘
خیال رہے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ علی گنڈا پور آج دوپہر احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے خیبرپختونخوا سے نکلے تھے، تاہم وہ ابھی بھی اسلام آباد نہیں پہنچ سکے ہیں۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیدار علی اصغر نے بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے برہان انٹرچینج کے قریب سڑک کو کھود دیا ہے، جس کے باعث وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قافلے کو اسلام آباد پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں علی امین گنڈاپور کو مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں وہ مظاہرین کو بتا رہے ہیں کہ ’سب سے آگے آپ کے ساتھ میں کھڑا ہوں۔‘
’کہتے ہیں مجھے خطرہ ہے۔ جسے گولی مارنی ہے مجھے مارو میں کھڑا ہوں اور ہر صورت ڈی چوک جاؤں گا۔‘