حزب اللہ کا میزائل اسرائیلی فوجی ہیڈ کوارٹر تک پہنچنے کی تصدیق

تل ابیب اور وسطی اسرائیل میں حملے کے انتباہی سائرن گونجتے رہے جس کے بعد اسرائیلی فوج نے بتایا کہ انھوں نے حزب اللہ کی جانب سے تل ابیب پر داغے ایک میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ حزب اللہ نے تل ابیب کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ جبکہ اس دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان پر فضائی حملے بھی جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے بدھ کی صبح حزب اللہ کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے (سرفیس ٹو سرفیس) میزائل کو انٹرسیپٹ کیا گیا اور اس حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
آج صبح ایک بار پھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں سے دور رہیں کیونکہ حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی فضائی حملے جاری رہیں گے۔ اس صورتحال کے پیش نظر لبنانی شہریوں کی بڑی تعداد جنوبی لبنان کے علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو رہی ہے۔
اسی اثنا میں حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ بیروت میں ہونے والے ایک فضائی حملے کے دوران اُن کے ایک اور سینئر کمانڈر مارے گئے ہیں۔ مارے گئے کمانڈر ابراہیم قباسی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ حزاب اللہ کی میزائل اور راکٹ فورس سے منسلک سینیئر کمانڈر تھے۔
دوسری جانب نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبنانی وزیر خارجہ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ صورتحال کو کنٹرول کرنے توجہ مرکوز کرے۔