نبی کریمؐ کی تعلیمات اور خوبصورت معاشرہ

تحریر : روہیل اکبر
نبی کریم حضرت محمدؐ کا یوم ولادت ہم نے پورے دھوم دھام سے منایا بطور مسلمان ہم پر فرض ہے کہ ہم آپؐ کی بتائی ہوئی باتوں پر مکمل عمل کریں ان کی زندگی ہمارے لیے ضابطہ حیات ہے لیکن ہم نے اس پر عمل نہیں کیا آپؐ نے جھوٹ اور چوری سے منع کیا لیکن ہم تو کیا ہمارے حکمران بھی جھوٹے وعدے کرنے سے باز نہیں آتے الیکشن سے پہلے جتنے بھی وعدے کیے جاتے رہے ان میں سے کوئی ایک بھی پورا نہیں ہوا اور بطور مسلمان ہمیں یہ زیب نہیں دیتا کہ ہم جھوٹ پر جھوٹ بول کر دھوکہ دہی سے اقتدار حاصل کر لیں اور پھر اپنے وعدوں سے مکر جائیں یہی وجہ ہے کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب کہیں نہ کہیں سے خودکشی کی خبر نہ آتی ہو لوگ مہنگائی کے ہاتھوں اس قدر پریشان ہیں کہ انہیں سوائے موت کے اور کوئی دوسرا راستہ نظر ہی نہیں آتا خاص کر جب سے ملک میں بجلی کی قیمتیں بے قابو ہوئی ہیں تب سے لوگ اپنی جان دینے پر تلے ہوئے شکر ہے کہ وہ کسی اور کی جان نہیں لے رہے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے بجلی کے بلوں میں 14روپے فی یونٹ ریلیف کے معاملے پر بھی مکمل طور پر عمل درآمد نہ ہو سکا وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سی بجلی کے بلوں میں 14روپے فی یونٹ ریلیف صرف سنگل فیز میٹر صارفین تک محدود ہوکر رہ گیا تھری فیز میٹر صارفین اس ریلیف سے محروم ہیں مہنگائی کا عذاب تو ہمارے گلے پڑا ہی ہوا ہے ساتھ میں ہماری جہالت بھی اپنے عروج پر ہے ہم جتنے مرضی پڑھ لکھ جائیں لیکن جو معاشرہ ہم نے تشکیل دیدیا ہے اس میں رہ کر جاہل ہی رہیں گے ہمارے ان پڑھ اور کم پڑھے لکھے لوگ جب کسی ترقی پذیر ملک میں جاتے ہیں تو وہ بھی انہی کے رنگ میں ڈھل جاتے ہیں پھر جب وہ کچھ عرصہ بعد پاکستان واپس آتے ہیں تو انہیں ہمارا یہ معاشرہ عجیب سا لگتا ہے جبکہ حکومتی خرچ پر باہر سے پی ایچ ڈی کرکے پاس پاکستان آنے والے ڈاکٹر بھی کچھ عرصے بعد ہمارے معاشرے کے رنگ میں ڈھل کر جاہلوں کا ساتھی بن جاتا ہے ہمارے ملک میں رہنے والے تمام کے تمام پی ایچ ڈی اور پروفیسر صاحبان کی کارکردگی اور خدمات کا جائزہ لیا جائے تو نتیجہ صفر نکلتا ہے یہ پڑھے لکھے ذہن بھی یہاں رہ کر بانجھ بن جاتے ہیں جن سے ملک کو کوئی فائدہ ہے اور نہ ہی قوم کو کچھ ملتا ہے ہاں ان کے نام کے ساتھ ڈاکٹر اور
پروفیسر کا اضافہ ضرور ہوجاتا ہے ہمارے معاشرے میں تبدیلی اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک ہر شخص تعلیم یافتہ اور مہذب نہیں ہوگا کیونکہ تعلیم انسان کو مہذب بناتی ہے حضور پاکؐ کی تعلیمات ہمیں اخلاقیات، خود احتسابی اور مساوات کا درس دیتی ہیں جب کہ ان کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق علم کے بغیر متوازن معاشرے کی تشکیل ناممکن ہے اسلام میں علم حاصل کرنے پر بہت اہمیت دی گئی ہے تعلیم حاصل کرنا ہر فرد کیلئے ضروری ہے اور اس کیلئے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے آج پاکستان میں ہمیں تعلیم کے شعبے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے تعلیمی ادارے موجود ہیں لیکن تربیت کا فقدان ہے ملک میں تعلیمی نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے تعلیم کا نظام سیرت النبیؐ کی روشنی میں ترتیب دیا جائے تاکہ ہماری نسلیں نہ صرف علم سے بہرہ مند ہوں بلکہ ان کی تربیت بھی اسلامی اصولوں کے مطابق ہو زندگی کے ہر شعبے میں اخلاقیات کا نفاذ کسی بھی معاشرے کے علمی لیول اور نظام تعلیم کی کامیابی کا تعین کرتی ہے جس سے ہم ابھی تک بہت دور ہیں سیرت النبیؐ ہمارے نصاب اور زندگی کا حصہ ہونی چاہیے یہ تب ہی ممکن ہو سکے گا جب ہمیں آپؐ کی زندگی کا علم ہوگا اور علم ہی وہ روشنی ہے جو ہدایت کی راہ دکھاتی ہے علم اور تقویٰ کی دولت سے مزین لوگوں کو ہی قرب الٰہی نصیب ہوتا ہے علم کا حصول دینی فرض ہے آپؐ پر نازل پہلی وحی میں تعلیم کی فضیلت اور اہمیت کو واضح کیا گیا علم ہی وہ روشنی ہے جو انسان کو نیکی اور بدی میں تمیز سکھاتی ہے بنیادی دینی تعلیم ہر مسلمان کیلئے لازم ہے تعلیمی نظام کو جدید سائنسی علوم پر مبنی ہونا چاہیے ماضی میں عرب سے چین جانا تو ایک خواب ہی ہوتا ہوگا، نبی پاک ٔ نے فرمایا تھا علم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے اسلام نے ہمیں بہترین نظام زندگی دے رکھا ہے لیکن ہم نے اس پر عمل کرنے کی بجائے دوسروں کے نظام اپنا رکھے ہیں جبکہ غیر اسلامی ممالک میں انصاف پر عمل کیا جاتا ہے جہاں انصاف کی وجہ سے ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کے راستے کھلے ہوئے ہیں ہمیں اسلام کے بنیادی اصولوں پر رہتے ہوئے اس خلا کو پر کرنا ہے اور یہ تب تک ممکن نہیں جب تک ہم اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں کرتے سرکار دو عالمؐ کی حیات پاک کا مل نمونہ ہے دینی تعلیم کے ساتھ نبی کریمؐ نے دنیاوی تعلیم کو بھی خاص اہمیت دی اسلامی ریاست میں تعلیم صرف ایک نعمت ہی نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق بھی ہے خواہ وہ مرد ہو یا عورت، چھوٹا ہو یا بڑا، کسی بھی سماجی حیثیت سے رکھتا ہو یہ ریاست کا کام ہے کہ اسلامی اصولوں پر مبنی تعلیمی نظام کو یقینی بنائے کہ ہر فرد کو معیاری تعلیم حاصل ہو اور جو اسے ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنائے ریاست کا تعلیمی نظام قرآن کی تعلیمات اور حضرت محمدؐ کی سیرت سے اخذ کرنا چاہئے علم کے حصول کو بنیادی حق کے طور پر فروغ دینا چاہئے تعلیم کے جامع نظریے کو اپنا نصب العین بنانا چاہئے اخلاق اور ترقی کو ترجیح دینی چاہئے، سماجی مساوات و انصاف کو فروغ دینا چاہئے، نبی کریمؐ کی پیروی کرتے ہوئے ایک اسلامی ریاست ایک ایسی تعلیم یافتہ منصفانہ اور اخلاقی طور پر مضبوط معاشرے پر قائم ہونی چاہئے جہاں جھوٹ، منافقت، ریاکاری، فراڈ اور دھوکہ دہی کا تصور بھی نہ ہو لوٹ مار کا رواج نہ ہو اپنے ملک کا سرمایہ کسی دوسرے ملک میں چوری کرکے لے جانے کا خیال تک نہ ہو سیاست کو عبادت سمجھ کر نے کا رواج ہو یہ نہ ہو کہ کل کسی کو یہودی ایجنٹ کہنے والے بعد میں اسے ایک سیاسی بیان کہہ کر اپنی جان جھڑوا لیں اگر ہمیں ایک باوقار قوم بننا ہے تو پھر جھوٹ، منافقت اور دوغلی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا یا پھر ایسی سیاست کرنے والوں سے جان چھڑوانی پڑے گی تب کہیں جاکر ہم ایک خوشحال معاشرے کا روپ دھار سکتے ہیں ورنہ بہروپیوں کے درمیان رہ رہ کر ہم خود بھی بہروپیے ہی بن جائیں گے جن پر اپنے گھر والے بھی اعتبار نہیں کرتے تو دنیا کیا کریگی۔