جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع ملک بھر میں مساجد، اہم عمارتوں اور گلیوں بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
شہر شہر درود و سلام کی محافل منعقد ہوں گی اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے۔
گزشتہ روز پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں میلاد کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 55 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پنجاب بھر میں 2ہزار 467 میلاد کی محافل اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں ایک ہزار 581 محافل ہوں گی جن کی حفاظت کے لیے پولیس کے علاوہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکار جلوس کے شرکا کی چیکنگ بالخصوص حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں ڈویژنل سطح پر قائم کنٹرول رومز کے ذریعے میلاد کے جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور ناپاک ارادوں کے حامل کسی بھی مشتبہ شخص پر نظر رکھیں گے۔