دنیا

طیب اردوان اسرائیل کے خلاف اسلامی اتحاد کے خواہاں

ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو اسرائیل کی جانب سے توسیع پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف اتحاد قائم کرنا چاہیے، غزہ پٹی پر گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فوجی حملوں میں کم از کم 61 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق طیب اردوان نے یہ تبصرہ فلسطینی اور ترک حکام کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ایک ترک نژاد امریکی خاتون کے قتل کے بعد دیے، مقتولہ جمعہ کو اسرائیلی مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کے خلاف احتجاج میں حصہ لے رہی تھیں۔

طیب اردوان نے استنبول کے قریب اسلامی اسکولوں کی ایسوسی ایشن کی ایک تقریب میں کہا کہ کہ اسرائیلی تکبر، اسرائیلی ڈاکوؤں اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کا واحد قدم اسلامی ممالک کا اتحاد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکیہ نے مصر اور شام کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے جو حالیہ اقدامات اٹھائے ہیں ان کا مقصد توسیع پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف یکجہتی کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے لبنان اور شام کو بھی خطرہ ہے۔

اسرائیلی فوج نے جمعے کے واقعے کے بعد کہا تھا کہ وہ خاتون غیر ملکی شہری کی گولی لگنے سے موت کے واقعے کی رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے، واقعے کی تفصیلات اور ان حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جن میں اسے نشانہ بنایا گیا۔

جواب دیں

Back to top button