دنیا کی مقبول ترین زبانیں

دنیا میں اس وقت تقریباً 6ہزار909 زبانیں بولی جاتی ہیں، تاہم انھیں بولنے والےصرف چھ فیصد خواتین وحضرات ہیں جن کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے۔
اس وقت انگریزی کو عالمگیر زبان کی حیثیت حاصل ہے۔ دنیا کی سب سے زیادہ بولی جانے والی عوامی زبانوں میں پہلے نمبر پر انگریزی ہے، جسے 106 ممالک میں ایک ارب 13کروڑ20 لاکھ لوگ بولتے اور اظہار خیال کرتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر چینی مینڈرین ہے جسے چین اور37 ممالک کے 1 ارب11کروڑ 70لاکھ عوام 13لہجوں میں بولتے، پڑھتے اور لکھتے ہیں۔ تیسرا نمبر ہندی اردو کا ہے، 5ممالک کے 61 کروڑ50لاکھ افراد اسے اظہار کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔ چوتھے نمبر پر ہسپانوی زبان ہے، جسے 31ممالک میں 53کروڑ40لاکھ خواتین وحضرات بولتے، لکھتے اور پڑھتے ہیں۔
پانچویں نمبر پر فرانسیسی زبان ہے، جسے 28کروڑ افراد بولتے ہیں اور یہ 29 ممالک کی سرکاری زبان ہے۔ چھٹے نمبر پر 19 لہجوں کے ساتھ عربی زبان ہے جسے 57 ممالک کے 27کروڑ40 لاکھ لوگ بولتے ہیں۔
ساتویں نمبر پر بنگالی زبان ہےجو4 ممالک کے 26کروڑ50 لاکھ افراد کے درمیان بولی جاتی ہے۔ آٹھویں نمبر پر روسی زبان ہے، جسے 19 ملکوں کے 25کروڑ 80لاکھ لوگ بولتے، لکھتے اور پڑھتے ہیں۔
نویں بڑی زبان پرتگالی ہے، جسے 13 ممالک کے 23 کروڑ 40 لاکھ خواتین وحضرات بول چال کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ دسویں نمبر پر انڈونیشیائی زبان ہے، جسے 19کروڑ 80لاکھ افراد ہم کلام ہونے کیلئے بولتے ہیں۔