پاکستان کا روس کے ساتھ مل کر مشترکہ ڈرامے بنانے کا پروگرام

پاکستانی اور روسی حکام ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے کے خواہاں نظر آتے ہیں جب کہ اس شعبے میں تعاون کے فروغ کا اعادہ کیا گیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور روس کی نائب وزیرِ اطلاعات بیلا چریکسووا کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں مرتضیٰ سولنگی نے روس کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور تربیتی پروگرامز کے آغاز پر زور دیا ہے۔
انھوں نے خطے کے امن کے لیے روس کی خدمات کو بھی سراہا ہے۔ اس دوران بیلا چریکسووا نے انکشاف کیا کہ روس میں بھی پاکستانی ڈراموں کو مقبولیت حاصل ہے۔
روسی نائب وزیرِ اطلاعات بیلا چریکسووا نے مزید کہا کہ روس، پاکستان کے ساتھ میڈیا کے علاوہ بھی دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے۔
مرتضیٰ سولنگی اور بیلا چریکسووا کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین ڈراموں اور دیگر پروڈکشن کے تبادلے پر بھی غور و خوض کیا گیا