
دہلی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق سربراہ برج بھوشن خاتون پہلوان کو زبردستی گلے لگاتے اور کہتے تھے باپ کے طور پر ایسا کیا ہے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈبلیو ایف آئی کے سابق سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کےگرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے پولیس کے مطابق انھوں نے خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا ہے اور ایسا کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا۔
پولیس کے مطابق، تاجکستان میں ایک تقریب کے دوران برج بھوشن نے ایک خاتون پہلوان کو زبردستی گلے لگایا اور بعد میں یہ کہہ کر اپنے اس فعل کا جواز پیش کیا کہ اس نے ایک باپ کے طور پر ایسا کیا۔
پولیس کی جانب سے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ برج بھوشن کے خلاف الزامات عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔
دہلی پولیس نے تاجکستان میں مبینہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مذکورہ واقعات ان کے اعمال کی عکاسی کرتے ہیں۔
برج بھوشن کے خلاف درج مبینہ جنسی ہراسانی کے مقدمے میں عدالت نے ملزم کو ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا۔
تاجکستان میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ کی ایک اور شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ سنگھ نے ایک خاتون ریسلر کی قمیض بغیر اجازت کے اٹھائی اور اس کے پیٹ کو نامناسب طریقے سے چھوا۔
دہلی پولیس نے کہا کہ یہ واقعات ہندوستان سے باہر پیش آئے تاہم یہ کیس سے متعلق تھے۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 7 اکتوبر کو مقرر کی ہے