
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ اب عوام قربانی نہیں دیں گے۔
ایک تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ غریب کیلیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا، ملک بھر میں لوگ بڑھتی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر سراپا احتجاج ہیں، ہم اس ناانصافی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے چاند اور ہماری حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھ دیا ہے، چھری آئی ایم ایف اور ہاتھ حکمرانوں کے ہیں، چھری و ظالم حکمرانوں کے ہاتھ کو بھی توڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو قربانی دینے کا نعرہ پرانا ہو چکا کیونکہ آئی ایم ایف سے قرضہ حکمرانوں نے لیا اور عیاشیاں کیں، عوام نے یہ قرضہ لیا اور نہ ہی وہ دینے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت آئی ایم ایف کی چھری عوام کی گردنوں پر پھیر رہی ہے جسے توڑ دیں گے، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے قوم کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے، گلی گلی کوچے کوچے پر چوک و تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے سامنے مظاہرے کریں گے، اندھیر نگری چوپٹ راج حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نگراں حکومت اپنی تمام تر توجہ بروقت الیکشن پر مرکوز کرے، جماعت اسلامی 90 روز سے ایک دن بھی تاخیر برداشت نہیں کرے گی، اس حوالے سے عدالت عظمیٰ سے بھی رجوع کریں گے۔