
مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے دو شیڈول تیار کرلیے ہیں۔
جس کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کیلیے درخواست دائر کی جائے گی اور وہ لندن سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس موقع پر اُن کا بھرپور استقبال کیا جائے گا جبکہ پریڈ گراؤنڈ میں ن لیگ کا جلسہ بھی ہوگا۔
بعد ازاں نواز شریف اسلام آباد سے لاہور بذریعہ جی ٹی روڈ ریلی کی صورت میں آئیں گے اور مختلف مقامات پر خطاب بھی کریں گے جبکہ لاہور پہنچ کر بڑا عوامی جلسہ بھی ہوگا، جس کو تاریخی بنانے کے لیے مریم نواز اور حمزہ شہباز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے دوسرے شیڈول میں نوازشریف کی واپسی لاہور ایئرپورٹ پر ہوگی، جہاں اُن کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور پھر لیگی قائد داتا دربار پر بھی حاضری دیں گے۔