
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ عہدے کا حلف اُٹھانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے عملے سے مصافحہ کیا۔
اس سے قبل انورا الحق کاکڑ نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اُٹھایا، ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔
صدر مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کاحلف لیا۔
اس موقع پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف، شہبازشریف، سینیٹرز و دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ کے پی، سندھ، پنجاب کے گورنرز، پنجاب اور کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔
انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 8 ویں نگران وزیراعظم ہیں۔ شہباز شریف نگراں وزیراعظم انوار الحق کے گلے ملے اور مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انوار الحق کاکڑ کا استعفیٰ منظور کیا، انوار الحق کاکڑ کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی گئی تھی۔
نوٹی فکیشن کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی، انوار الحق کاکڑ 2018 میں آزاد حیثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔