
چین کے نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ معزز مہمان کا استقبال وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال نے کیا۔
چینی نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دسویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
معزز مہمان کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے۔ پاکستانی قیادت سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دوسری جانب سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے کی مرکزی تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی جو کل شام اسلام آباد میں ہوگی۔ تقریب کو سی پیک کی ایک دہائی ’وژن سے حقیقت تک‘ کا نام دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیر اعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریب میں وفاقی وزرا اور وفاقی سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ تقریب میں ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ اور بزنس کمیونٹی شرکت کرے گی۔
پاکستان اور چین نے 10 سال قبل 5 جولائی 2013 کو سی پیک منصوبے کا آغاز کیا تھا۔ سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔ منصوبوں سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے۔
سی پیک منصوبوں کے تحت 8 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی۔ چین کے اشتراک سے معاشی و اقتصادی ترقی کے منصوبے لگائے گئے