
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اقتدار کے جانے کے ایک ماہ قبل حیرت انگیز فیصلہ کیا ہے ان کے اقتدار کی مدت 13 اگست 2023ء کو ختم ہورہی ہے مگر انہوں نے پائلٹ کو 21 ستمبر 2023ء سے 21 ستمبر 2024ء تک توسیع دے دی ہے وزیر اعلیٰ اس تاریخ سے چیف پائلٹ کو ایک سال کی توسیع دے رہے ہیں جس تاریخ پر وہ وزیر اعلیٰ ہی نہیں ہوں گے وزیر اعلیٰ نے اپنے زیر استعمال جہاز کے چیف پائلٹ وی آئی پی فلائٹ محمد عباس کو گریڈ 19 سے گریڈ 20 دیتے ہوئے ان کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کردی ہے وزیر اعلیٰ کو محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے چیف پائلٹ کو 21 ستمبر 2023ء سے 21 ستمبر 2024ء تک ایک سال کی توسیع دی گئی ہے اور انہیں گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی دی گئی ہے سمری میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک چیف پائلٹ گریڈ 19 کی مراعات اور سہولیات لے رہے ہیں سمری میں بتایا گیا ہے کہ چیف پائلٹ 21 ستمبر 2022ء سے ایک لاکھ 25 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس ملے گا انہیں کراچی سے باہر جہاز اُڑانے کا فی گھنٹہ الاؤنس 175 روپے سے بڑھاکر 250 روپے فی گھنٹہ کیا گیا ہے چیف پائلٹ کو رہائش کے لئے کرایہ کی مد میں 40 ہزار روپے سے بڑھاکر ایک لاکھ 25 ہزار روپے کردیا گیا ہے جس میں بجلی اور گیس کے بل بھی شامل ہیں انہیں گریڈ 20 کا ٹی اے ڈی اے دیا جائے گا چیف پائلٹ پانچ سال مکمل کریں گے تو انہیں گریجوئٹی بھی ملے گی سمری میں کہا گیا ہے کہ چیف پائلٹ کو پنشن اس لئے نہیں دی جاسکتی کیونکہ وہ مستقل ملازم نہیں ہیں بلکہ وہ کنٹریکٹ ملازم ہیں