
سمندری طوفان بیپر جوائے کراچی سے 810 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون بیپر جوائے کی رفتار میں کمی نہ آ سکی، طوفان اس وقت بھی شمالی بحر ہند میں موجود ہے، اور کراچی سے 810 کلو میٹر کی دوری پر آ گیا ہے۔
سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی جا چکی ہے، شہریوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور ساحل پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
ادھر کراچی کا موسم آج گرم خشک اور مرطوب رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29.0 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فی صد، رفتار 5 ناٹیکل مائل ہے، ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے