Uncategorizedتازہ ترینخبریںسیاسیات

حمزہ شہباز پیر تک بطور ٹرسٹی وزیراعلیٰ کام کریں گے، سپریم کورٹ

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پرویز الٰہی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز  پیر  تک بطور ٹرسٹی وزیر اعلیٰ کام کریں گے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ  نے وزیراعلیٰ   پنجاب کے معاملے پر پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ  حمزہ شہباز پیر تک بطور ٹرسٹی وزیر اعلیٰ کام کریں گے، وزیر اعلیٰ کے اختیارات محدود رہیں گے،  تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی،  میرٹ سے ہٹ کر تقرریاں ہوئیں تو کالعدم کر دیں گے، وزیراعلیٰ سیاسی فائدے کے لیے کچھ نہیں کریں گے، سپریم کورٹ کا وزیر اعلیٰ پر چیک رہے گا، بادی النظر میں ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس ہے

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے ڈپٹی اسپیکرنے ہمارےفیصلےکے خلاف رولنگ دی، ہمارے پاس ہمارا فیصلہ ہے جس میں یہ قانون ڈکلیئر قرار دیا گیا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی اسپیکر کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ڈپٹی اسپیکر نے کس بنیاد پر رولنگ دی، پنجاب حکومت بھی اپنا تفصیلی و تحریری جواب جمع کرائے۔

اس سے قبل سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو ذاتی طور پر سننا چاہتے ہیں، وہ اپنے ساتھ الیکشن کا تمام ریکارڈ بھی لے کر آئیں، ڈپٹی اسپیکر آکر  اپنے مؤقف کا دفاع کریں اور بتائیں، پریشان نہ ہوں یہ صرف ایک قانونی سوال ہے، یاد رکھیں ایسے معاملات غیر تجربہ کاری سے پیش آتے ہیں، یہ معاملہ تشریح سے زیادہ سمجھنےکا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو 2 بجے طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بھی نوٹس جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت بھی 2 بجے تک ملتوی کر دی ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button