تازہ ترینتحریکخبریں

تحریک انصاف کی ”آر ٹی ایس“ کی طرز پر ایپ ”رابطہ ایپ“ تیار

لاہور(رپورٹ فیصل اکبر ) اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات پر کڑی نظر رکھنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم نے الیکشن کمیشن کے ”آر ٹی ایس“ کی طرز پر ایک سافٹ ویئر ایپ ”رابطہ ایپ“ تیار کی ہے،

ایپ میں تمام حلقوں کے تمام ووٹرز کا ڈیٹا شامل کیاگیا ہے، اتوار کے روز پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ اور سرگرم کارکنان اِس ایپ کی مدد سے اپنے ووٹرز کے ووٹ کو مانیٹر کریں گے،

اس رابطہ ایپ کے ذریعے ہر فرد کنٹرول روم اور قائدین کے ساتھ رابطے میں ہوگا اور کسی بھی معاملے کی صورت میں سبھی کو بروقت آگاہ کرے گا۔ ایپ میں پولنگ سٹیشنز، پولنگ بوتھ، خواتین اور مرد ووٹرز سمیت سبھی کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایک ذمہ دار رہنما کے مطابق اِس ایپ کے ذریعے جہاں زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک لے جایا جاسکے گا وہیں دھاندلی کے امکانات بھی کم سے کم ہوں گے،

پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اُس پولنگ سٹیشن سے حاصل شدہ مجموعی ووٹ اور دیگر امیدواروں کے ووٹ بھی اس ایپ میں اندراج کریں گے یوں مرکزی کنٹرول روم میں ڈیٹا جمع ہوتا رہے گا۔

صوبائی الیکشن کمیشن اتوار کے روزبیس صوبائی حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کی بروقت اورتیز تر ترسیل کے لیے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (RTS)اور روایتی طریقہ اپنائے گا۔

پریزائیڈنگ افسران موقع پر آر ٹی ایس کے ذریعے رزلٹ ریٹرننگ آفیسر کو بھیجیں گے اور ریٹرننگ آفیسر کا عملہ رزلٹ کو فوری جمع کرے گا اس کے بعد پریزائیڈنگ افسر کے پہنچنے پر رزلٹ کو دوبارہ ٹیلی کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button