تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

پولیس حراست میں موجود گینگسٹر لارنس بشنوئی کی سلمان خان کو دوبارہ دھمکی

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی حراست میں موجود گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے اداکار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دوبارہ دھمکی دی گئی ہے۔

بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی آج کل بھارتی معروف گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے الزام میں گرفتار ہے اور دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی حراست میں ہے۔

گرفتار لارنس بشنوئی نے پولیس حراست سے سلمان خان کو جان سے مار دینے کی دوبارہ دھمکی جاری کی ہے۔

اس سے قبل تفتیش کے دوران لارنس بشنوئی کی جانب سے یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ 1998ء میں بھی سلمان خان کو مارنا چاہتا تھا۔

 لارنس بشنوئی کا تفتیش کے دوران کہنا تھا کہ 1998ء میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے شہر جودھ پور میں چنکارا ہرن کے غیر قانونی شکار کے معاملے میں وہ سلمان خان کو مارنا چاہتا تھا۔

لارنس بشنوئی نے بتایا ہے کہ 2018ء میں بھی اس نے سلمان خان کو جان سے مار دینے کی غرض سے 4 لاکھ کی ایک رائفل خریدی تھی مگر اس منصوبے میں وہ ناکام رہا تھا۔

واضح رہے کہ لارنس بشنوئی نے سدھو موسے والا کے قتل کے بعد اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو دھمکی آمیز خط بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا حال بھی سدھو موسے والا جیسا ہوگا۔

اس دھمکی کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی جبکہ وہ حال ہی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد دینے باہر نہیں نکلے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رواں برس 10 جولائی کو گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو دھمکی دی تھی کہ وہ نایاب کالے ہرن کے شکار پر سلمان خان کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کا کہنا ہے کہ حالیہ تفتیش کے دوران لارنس بشنوئی نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو، بھگوان جمبیشور کا اوتار سمجھتی ہے، لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی۔

لارنس بشنوئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں صرف ایک صورت میں سلمان خان کو معاف کر سکتا ہوں کہ سلمان خان سرِ عام اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button