تازہ ترینخبریںصحتپاکستان

24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 9 مریض انتقال کر گئے

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ 9 مریض انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے ساتھ ساتھ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا انفیکشن سے جاں بحق مریضوں کی تعداد میں بھی اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووِڈ نائٹین کے انفیکشن سے مزید 9 مریض انتقال کر گئے، جب کہ اس دوران ملک بھر میں کرونا کے مزید 872 کیسز رپورٹ ہوئے۔

این آئی ایچ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 125 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں کرونا کیسز کی شرح 3.77 فی صد رہی۔

ملک بھر میں اسپتالوں میں داخل کرونا کے 165 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

کرونا کیسز میں اضافے کے باعث منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الاضحیٰ سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی ہیں، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ نماز عید کے دوران رش سے کرونا وائرس پھیل سکتا ہے، اس لیے نماز عید کی ادائیگی کھلے مقامات پر کی جائے، اور اس دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق فیس ماسک کے بغیر شہریوں کو عید گاہ آنے کی اجازت نہیں ہوگی، رش سے بچنے کے لیے عید گاہ کے متعدد داخلی و خارجی راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی مقامات پر ہینڈ سینیٹائزر کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور شہری اس کا استعمال ضرور کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button