تازہ ترینخبریںسپورٹس

سائرہ پیٹر کی ظہیر عباس کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل

پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ظہیر عباس کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

ظہیر عباس اور سائرہ پیٹر کی ایک وڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر اور ظہیر عباس نورجہاں کا گایا ہوا گیت ’او منڈیا سیالکوٹیا تیرے مکھڑے تے کالا کالا تل وے‘ ایک ساتھ گارہے ہیں۔

سائرہ پیٹر نے بتایا کہ ظہیر عباس سے ہمارے فیملی مراسم ہیں، جب انہیں برطانیہ کی شہریت دی گئی تو میں نے یادگار تقریب میں برطانیہ کا قومی ترانہ اپنی آواز میں پیش کیا تھا۔

سائرہ پیٹر نے یہ بھی کہا کہ میری دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر گھر واپس آجائیں گے۔

یاد رہے کہ 74 سالہ ظہیر عباس کو گزشتہ اتوار دبئی سے لندن پہنچنے کے بعد نمونیا کے سبب ایمرجنسی میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔

اہلیہ ثمینہ عباس نے بتایا کہ ظہیر عباس دبئی میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے، ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر لندن آئے تھے۔ جہاں اسپتال میں ڈائیلیسز پر ہیں اور انہیں آکسیجن بھی دی جارہی ہے۔

ظہیر عباس کو اپنی شاندار بیٹنگ کے سبب ’ایشین بریڈمین‘ کے نام سے جانا جاتا ہے،کرکٹ کھیلنے کے علاوہ ان کے پاس یہ اعزاز بھی ہے کہ وہ 16-2015 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر بھی رہے۔

ظہیر عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے والے اس کھیل کی تاریخ کے چند کرکٹرز میں سے ایک ہیں، انہوں نے 14 ٹیسٹ میچز میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button