تازہ ترینخبریںدنیا

پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ میں فارغ التحصیل طلبا کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ (انگلش سیکشن) میں ۲۰۲۲ میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبا ءکے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان ِ خصوصی محترم جناب قونصل جنرل پاکستان خالد مجید ،دیگرمہمانانِ گرامی ، والدین اور اساتذہ تھےاس موقع پر آڈیٹوریم سمیت پورے اسکول کو منفرد انداز سے سجایا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا بعد ازاں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اسکول کے پرنسپل محترم عدنان ناصر نے استقبالیہ خطاب میں ’’گریجویٹ‘‘ طلبہ اور طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گریجویشن آپ کی اسکول کی زندگی کا نقطہ عروج قرار دی جا سکتی ہے۔ لیکن در حقیقت یہ موقع آپ کی زندگی میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اوریہ ایک ایسے سفر کا نقطہ آغاز ہے جس کے ہر قدم پر آپ کو نئی جہتوں سے واسطہ پڑے گا۔آپ علم کی شمع کو ہمیشہ روشن رکھیں اور اپنے ملک کے لیے خصوصاً اور دنیا بھر کے لیے عموماً ذمہ دار اور لائق شخصیت بن کر دکھا سکیں کہ دنیا میں آپکی روشن شناخت اس عظیم درسگاہ کے باوقار طالب علم اور ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے باقی رہے۔

آپ نے جس دلچسپی سے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا اس نے آپ کو پی آئی ایس جے کے لیے باعث فخر بنا دیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اسکول سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات میرے لیے باعثِ اطمینان ہےکہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ۔انگلش سیکشن کے طلبہ و طالبات اپنی تعلیمی اور بلند اخلاقی تربیت کی بنیاد پر دنیا میں اپنانمایاں مقام پیدا کر رہے ہیں۔

انھوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنی محنت جاری رکھیے اور سب اللہ پر چھوڑ دیں۔آپ کو اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ آپ کا تعلق ایک ایسے ادارے سے ہےجس کاشمار مملکت کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے جس کے لیے فیکلٹی ممبر زاور خصوصاً پرنسپل عدنان ناصر مبارک باد کے مستحق ہیں۔

قونصل جنرل نے اس موقع پر طلبہ و طالبات کے والدین کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے تعاون ، محنت اور اخلاقی معاونت کے بغیر بچوں کی یہ کامیابی ممکن نہیں ہو سکتی۔

اس تقریب میں تمام طلبہ و طالبات کو پرنسپل صاحب اور مہمانِ خصوصی نے اسناد اور شیلڈ تقسیم کیں۔تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات نے پرنسپل اور مہمانِ خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹوبنوایا اور گریجویشن کا کیک کاٹا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button