تازہ ترینخبریںسپورٹس

ون ڈے رینکنگ: پاکستان نے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی

پاکستان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ مزید ترقی کرتے ہوئے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی۔

گزشتہ روز سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی تھی، سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔

سیریز کے بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ایک درجہ ترقی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چوتھی سے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کرکے ون ڈے رینکنگ میں بھارت سے چوتھی پوزیشن چھین لی تھی تاہم آسٹریلیا کو سری لنکا کے خلاف 26 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی ریٹنگ میں ایک پوائنٹ کا اضافہ ہوا، اس طرح گرین شرٹس نے تیسری پوزیشن سنبھال لی جبکہ کینگروز ایک پوائنٹ کی تنزلی سے چوتھے نمبر پر آگئے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ 125 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 106 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا اور بھارت 105 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔

جنوبی افریقا کی ٹیم 99 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، سری لنکا 86 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 72 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور افغانستان کی ٹیم 69 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کی بدولت 4 پوائنٹس حاصل کر کے ایک درجے بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن سنبھالی تھی۔

گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان کی 50 اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے علاوہ پاکستان نے بقیہ تمام سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button