تازہ ترینخبریںپاکستان

پنجاب کا بجٹ پیش نہ کیا جا سکا، اجلاس آج دوپہر ایک بجے پھر ہوگا

پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش نہ کیا جا سکا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 6 گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے والا پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہنگامہ آرائی کے باعث ایک گھنٹے التوا کے بعد دوبارہ شروع ہوا تھا۔

 اپوزیشن نے اسپیکر  پرویز الٰہی کی سربراہی میں پہلے پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان پر مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور پھر اسپیکر نے عطا تارڑ کو اسمبلی سے باہر جانے کا حکم سنایا۔

عطا تارڑ باہر چلے گئے تو اپوزیشن نے آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کو اسمبلی گیلری میں بلانے کی فرمائش کر دی۔

بعد ازاں اسپیکر پرویز الٰہی نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی میں بلانے کی رولنگ دی اور کہا کہ دونوں نہیں آئیں گے تو بجٹ پیش نہیں ہو گا جس کے بعد اجلاس آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

 اسپیکر کا کہنا تھا کہ حکومت کی آئی جی اور چیف سیکرٹری کو ایوان میں بلانے کی ہمت نہیں ہو رہی، پچھلے بجٹ کے وقت آئی جی،چیف سیکرٹری ایوان میں موجود رہتے تھے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے کہا کہ بجٹ کے وقت آئی جی،چیف سیکرٹری کا ایوان میں موجود ہونا ایوان کی عزت ہے۔

دوسری جانب بجٹ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد صوبائی وزیر اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 3 ماہ سے انہوں نے پنجاب اسمبلی کو پہلوانوں کا اکھاڑا بنایا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button