تازہ ترینخبریںکاروبار

مہنگائی اور بینک کی پابندیوں کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں 51فیصد اضافہ

قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آٹو فنانسنگ پر پابندی اور بلند شرح سود کے باوجود مالی سال22 میں کاروں کی فروخت گزشتہ مالی سال میں ایک لاکھ 39ہزار 613یونٹس کے مقابلے میں 51 فیصد بڑھ کر 2لاکھ 10ہزار 633 یونٹس ہو گئی ہے۔

عیدالفطر کی تعطیلات سے قبل مئی 2022 میں کاروں کی فروخت بھی بڑھ کر 19ہزار 395 یونٹس تک پہنچ گئی جو کہ اپریل 2022 میں 18ہزار 626 یونٹس تھی۔

پک اپ اور جیپوں میں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے نتیجے میں فروخت میں 43 فیصد اضافہ ہوا جو 28ہزار 34 یونٹس کے مقابلے میں 40ہزار 255یونٹس تک پہنچ گئی ہے، ان مہنگی گاڑیوں کی ماہانہ فروخت مئی 2022 میں گر کر 3ہزار 498 یونٹس پر آ گئی ہے جو اپریل 2022 میں 3ہزار 917 یونٹس تھی۔

پچھلے مہینوں میں اسمبلرز کی طرف سے کی گئی بڑی ایڈوانس بکنگ کی وجہ سے کار، پک اپ اور جیپ اسمبلرز انتہائی خوش ہیں۔

تاہم، ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سنی کمار کا ماننا ہے کہ معاشی سست روی، شرح سود میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی معاونت مزید سخت کرنے سے گاڑیوں کی فروخت پر نمایاں اثر پڑے گا۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ہونڈا سوک اور سٹی کی مشترکہ فروخت مالی سال 2022 میں 42 فیصد بڑھ کر 31ہزار 776 یونٹس ہو گئی ہے جبکہ مالی سال 21 کی اسی مدت میں یہ تعداد 22ہزار 450 یونٹس تھی۔

اکتوبر 2021 سے مارچ 2022 تک ماڈل میں مکمل تبدیلی کی وجہ سے ٹویوٹا کرولا اور یارِس کی فروخت 42ہزار 912 یونٹس سے 114 فیصد بڑھ کر 52ہزار 75 یونٹس یونٹس ہوگئی، جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت 2ہزار 108 یونٹس سے 114 فیصد بڑھ کر 4ہزار 514 یونٹس ہو گئی ہے۔

مالی سال 2022 میں نئی مارکیٹ میں آنے والے ہنڈائی الینٹرا اور سوناٹا کی فروخت بالترتیب 3ہزار 120 اور 2ہزار 581 یونٹس تھی۔

سوزوکی کلٹس اور ویگن آر کی فروخت مالی سال 2022 میں بالترتیب 36فیصد اور 78فیصد بڑھ کر 20ہزار 701 اور 20ہزار 997 یونٹس ہو گئی جو کہ مالی سال 2021 میں بالترتیب 15ہزار 240 اور 11ہزار 805 یونٹس تھی۔

مالی سال 2022 میں سوزوکی بولان 800سی سی اور آلٹو 660 سی سی کی فروخت بالترتیب 33فیصد اور 75فیصد بڑھ کر 11ہزار 145 اور 63ہزار 711 یونٹس ہو گئی جہاں پچھلے سال دونوں گاڑیوں کے بالترتیب 8ہزار 9 اور 36ہزار 504 یونٹس سے زائد فروخت ہوئے تھے۔

ٹرکوں کی کل فروخت (ہینو، ماسٹر، اسوزو، اور جے اے سی) 3ہزار 343 یونٹس سے 59.6 فیصد بڑھ کر 5ہزار 337 یونٹس ہو گئی جو مقامی طور پر تیار کردہ اور درآمد شدہ سامان کی نقل و حمل میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

ماسٹر کی سیلز میں 4 فیصد اضافے کے باوجود بسوں کی فروخت 599 یونٹس سے 4.5 فیصد کم ہوکر 572 یونٹ رہ گئی۔

ٹویوٹا فارچیونر اور جدید ملٹی پرپز گاڑیوں کی مشترکہ فروخت مالی سال 2021 میں 9ہزار 789 یونٹس سے بڑھ کر 16ہزار 149 ہو گئی، 14فیصد کی چھلانگ کے ساتھ ہنڈائی ٹسکن کی فروخت 3ہزار 517 یونٹس کے مقابلے میں 3ہزار 998 یونٹس رہی، ہونڈا بی آر۔وی کی فروخت 3ہزار 536 یونٹس سے 7 فیصد بڑھ کر 3ہزار 773 یونٹس ہو گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button