Welcome to JEHANPAKISTAN   Click to listen highlighted text! Welcome to JEHANPAKISTAN
تازہ ترینخبریںدنیا سے

امریکی جنرل کے بیان پر چین کا سخت ردعمل

چین نے بھارت کے ساتھ سرحدی تنازع سے متعلق امریکی جنرل کے بیان پر سخت ردعمل دے دیا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ بیجنگ اور نئی دہلی سرحد سے متعلق اختلافات کو بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کی اہلیت رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ بدھ کو نئی دہلی میں امریکی جنرل اے فِلِن نے کہا تھا کہ چین کی طرف سے بھارت کے ساتھ ملحقہ سرحد پر عسکری تعمیرات کرنا نہایت گھناؤنا عمل ہے جس سے تنازع کو مزید ہوا ملے گی۔

امریکی جنرل مشرقی لداخ میں چین اور بھارت کے درمیان موجود تناؤ سے متعلق بات کر رہے تھے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع کو دونوں ممالک باہمی مشاورت سے طے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چینی ترجمان نے امریکی جنرل کے الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ امریکی عہدیداران تنازع کو ہوا دے رہے ہیں، یہ گھناؤنا عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکی عہدیدار خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور اگلے محاذوں پر موجود دونوں ممالک کی افواج تناؤ کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پچھلے مہینے چین نے پینگونگ جھیل کے قریب دوسرے پُل پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا تھا، یہ علاقہ لداخ کے قریب واقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button
Click to listen highlighted text!