تازہ ترینخبریںپاکستان

کے پی میں جنگلات کو جان بوجھ کر جلایا گیا، 12 ملزمان گرفتار

گزشتہ چند دنوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں جنگلات میں آتشزدگی کے متعدد واقعات رونما ہوئے جس نے متعلقہ حکام کوسوچنے پر مجبور کردیا۔

آگ لگنے کے ان متواتر واقعات میں مالی اور جانی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اس دوران متعلقہ محکمے نے جان بوجھ کر آگ لگائے جانے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔

خیبر پختون خوا پولیس کے مطابق آگ لگانے میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے ذاتی ملکیتی جنگلات کو حکومتی امداد کی غرض سے آگ لگائی گئی۔

گرفتار افراد میں 4 ایبٹ آباد ،4 سوات،2 دیر لوئراور 2 کا تعلق خیبر سے ہے۔گرفتار افراد کے خلاف محکمہ جنگلات ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ سرکار کے زیرانتظام جنگلات میں صرف 3 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے جنگلات میں سات مقامات پر آگ بھڑک اٹھی تھی ، شانگلہ میں آگ نے پہاڑوں پر بنے مکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے تھے، خشک موسم کی وجہ سے آگ کے پھیلاؤ میں تیزی آئی۔

ماہرین کے مطابق جن علاقوں میں نمی زیادہ پائی جاتی ہے اُن علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات کم پیش آتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ علاقے جہاں موسم انتہائی خشک رہتا ہے اور بارشیں نہ ہونے یا انتہائی کم ہونے کی وجہ سے پودے اور جنگلات خشک ہو جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات زیادہ پیش آتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button