تازہ ترینخبریںدنیا

شہریوں کو گھروں میں بھنگ اُگانے کی اجازت

تھائی لینڈ میں جلد ہی بھنگ سے متعلق قوانین میں نرمی کردی جائے گی، نئے قانون کے مطابق عوام کو گھروں میں بھنگ کا پودا اُگانے کی اجازت ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق تفریحی مقاصد کے لیے بھنگ پینا ممنوع ہوگا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے بھی عوامی مقامات پر بھنگ پی کر دھواں پھیلایا تو اس پر جرمانہ کیا جائے گا۔

جمعرات سے تھائی لینڈ کی حکومت بھنگ اور چرس کے پودوں کو منشیات کی فہرست سے نکال دے گی۔

صرف کم نشہ آور بھنگ کی کاشت کو قانونی قرار دیا گیا ہے، پودے سے کشید کردہ وہ اجزا جو لوگوں کو مدہوش کردیں، بدستور غیرقانونی رہیں گے۔

سیکریٹری وزارت صحت نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ صحت کی طرف سے اعلان جاری کیا جائے گا کہ بھنگ اور چرس کی بُو اور دھواں عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں لہٰذا عوامی مقامات پر بھنگ بالکل استعمال نہ کی جائے۔

نئے قانون کے مطابق کمپنیز اور شہریوں کو اپنے فارمز اور باغیچوں میں دواسازی کے مقاصد کے لیے بھنگ کے لاتعداد پودے اُگانے کی اجازت ہوگی۔

البتہ کاشتکار، حکام کو اطلاع دینے کے پابند ہوں گے اور کمرشل بنیادوں پر پودے اُگانے والے شہریوں کو خصوصی اجازت نامہ بنوانا ہوگا۔

حکومت نے بھنگ کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے افراد میں 10 لاکھ پنیریاں تقسیم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ نے پچھلے کئی سالوں کے دوران بھنگ کی کاشت کے قوانین میں بتدریج نرمی کی ہے تاکہ ملک کی زراعت اور سیاحتی شعبوں کو ترقی دی جاسکے۔

2018 میں تھائی لینڈ پہلا جنوب مشرقی ایشیائی ملک تھا جس نے بھنگ کو طبی مقاصد کے لیے قانونی قرار دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button