تازہ ترینخبریںدنیا

بھارتی سیاستدانوں کا رویہ دہشتگردی پر مبنی ہے، جامعہ الازہر

مصر کی سب سے قدیم جامعہ الازہر نے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی کی سرکاری ترجمان کے گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سیاست دانوں کا رویہ دہشتگردی پر مبنی ہے جو دنیا کو شدید بحرانوں اور جنگ میں جھونک سکتا ہے۔

جامعہ الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہذب دنیا کو سیاسی فائدے کے لیے مذاہب ، اعلیٰ انسانی اقدار کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔

جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمراں جماعت کی ترجمان کا گستاخانہ بیان توہین آمیز اور جہالت کا عکاس ہے، بھارتی سیاستدانوں نے انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لئےاسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کا سہارا لیا ہے اور وہ مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکا رہے ہیں۔

جامعہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمراں جماعت کا یہ نقطۂ نظر انتہا پسندی، نفرت اور بغاوت کی واضح دعوت ہے، عالمی برادری عزم و طاقت کے ساتھ اس طرح کی بدسلوکیوں کے خطرات کا مقابلہ کرے۔

واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔

دوسری جانب گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک  غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ کی مہم شروع ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button