تازہ ترینخبریںدنیا

امریکا میں 2 دن میں فائرنگ کے 13 واقعات، 18 افراد ہلاک اور 72 زخمی

امریکا میں 3 سے 5 جون کے دوران فائرنگ کے 13 واقعات میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 72 زخمی ہوگئے۔

جمعے کی شام سے اتوار کی شام کے دوران فائرنگ کے 13 واقعات اس وقت پیش آئے جب مئی کے مہینے میں امریکا بھر میں فائرنگ کے متعدد واقعات کے بعد اسلحے کی روک تھام پر بحث شدت اختیار کرگئی ہے۔

اس طرح کے واقعات کو امریکا میں ماس شوٹنگ قرار دیا جاتا ہے یعنی ایسا واقعہ جس میں کم از کم 4افراد کو گولیاں لگی ہوں

چٹانوگا، ٹینیسی

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اس علاقے میں اتوار کو علی الصبح ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

واقعے کے بعد بھگدڑ مچنے سے متعدد گاڑیاں بھی ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بھی ایک فرد ہلاک ہوگیا۔

فلاڈیلفیا، پنسلوانیا

فلاڈیلفیا کے ایک معروف تفریحی مقام پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے۔

مقامی پولیس کے مطابق متعدد حملہ آوروں نے 4 جون کی شام اچانک فائرنگ کی جس سے ہلاکتوں کے علاوہ 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس واقعے میں 5 گنیں استعمال ہوئی تھیں اور پولیس کی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوکر فرار ہوا۔

فینکس، ایریزونا

4 جون کی صبح ایک مال میں ہونے والی تقریب کے دوران لوگوں میں لڑائی ہوگئی جس کے بعد فائرنگ سے ایک 14 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

سمرٹن، جنوبی کیرولائنا

4 جون کی شام ایک گریجویشن پارٹی کے دوران 2 گاڑیوں میں آنے والے حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کی وجہ کیا تھی۔

چیسٹر، ورجینیا

3 جون کی شام اس علاقے میں ہونے والی ایک گریجویشن پارٹی میں فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوئے۔

انتظامیہ کے مطابق اس تقریب میں 2 جگہوں پر لڑائی ہوئی جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔

ایل پاسو، ٹیکساس

یہاں بھی 4 جون کو ایک گریجویشن پارٹی میں فائرنگ سے 5 نوجوان زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

گرانڈ ریپڈس، مشی گن

5 جون کی صبح اس علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

فائرنگ کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آسکی۔

میسا، ایریزونا

5 جون کو ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق ابھی وہ فائرنگ کی وجہ کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

5 رہائشی علاقوں میں فائرنگ

ریاست جارجیا کے علاقے میکون کے ایک خالی گھر میں فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔

ریاست نبراسکا کے شہر اوماہا میں فائرنگ سے ایک 31 سالہ شخص ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔

نیویارک میں 4 جون کی شب فائرنگ ک ایک واقعے میں 19 سالہ نوجوان ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔

ریاست مشی گن کے شہر ایکورس میں 4 جون کو فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔

اسی ریاست کے ایک اور شہر سگینؤ میں 4 جون کو فائرنگ سے 3 افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button