تازہ ترینخبریںپاکستان

شانگلہ کے جنگلات میں مزید دو مقامات پر آگ بھڑک اٹھی

ضلع شانگلہ کے مزید دو مقامات پر پہاڑوں پر واقع جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ہفتے کے روز علی جان کپرائی کے بلند مقام پر واقع علاقے میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، گزشتہ روز ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے دو روز کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا تھا۔

سب ڈویژنل افسر زاہد حسین نے بتایا کہ دو روز کی مسلسل جدوجہد کے بعد علی جان کپرائی میں لگنی والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا، امدادی کارروائی میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور پولیس کے اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تتوالان، چکیسر اور شانگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تھا، تاہم مقامی جنگلات کے گارڈ کا کہنا ہے کہ اتوار کو مارتونگ کے علاقے پیشا موڑ پر آگ بھڑک اٹھی ہے جو تیز ہواؤں کے سبب پھیل رہی ہے۔

ایک پیغام میں فارسٹ گارڈ نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ یہاں 1122 ریسکیو ٹیمیں اور محکمہ جنگلات کا مزید عملہ بھیجیں تاکہ آتشزدگی پر قابو پایا جاسکے۔

فارسٹ گارڈ کے مطابق آگ جنگلات کو خاکستر کرنے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کی جانوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان کا کہنا تھا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ گزشتہ ضلعی ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع الپوری کے پہاڑوں میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرہ مقامات پر ٹیمیں بھیجی ہیں تاکہ درختوں اور جنگلی حیات کو محفوظ بنایا جاسکے۔

دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ چکیسر اور دیگر علاقوں میں مقیم متاثرہ خاندانوں کی مدد کرتے ہوئے آگ بجھانے کی تمام تر کوششیں کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button