تازہ ترینخبریںکاروبار

اسٹیٹ بینک کے ذخائر 10ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے

زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر 36 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی سے 10 ارب ڈالر سے بھی نیچے آگئے، ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 15 ارب 78 کروڑ ڈالر رہ گئے۔

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ گزشتہ ہفتے بھی جاری رہا، جس کے تحت 27مئی کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 36کروڑ 60لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کمی سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 10ارب ڈالر کی سطح سے بھی نیچے آکر 9 ارب 72 کروڑ 29 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے دیگر کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت میں بھی ایک کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی، جس سے کمرشل بینکوں کے ذخائر بھی 6 ارب 6 کروڑ 12 لاکھ ڈالر سے کم ہوکر 6ارب4کروڑ85لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 37 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کی کمی سے 15 ارب 77 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو 3 ماہ کے درآمدات کے مساوی ہونا ضروری ہوتا ہے، جس کا مطلب ہوتا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور بیرونی ادائیگیوں کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں تاہم اس وقت اسٹیٹ بینک کے ذخائر ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کو ہی کور کرتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تشویشناک حد تک نیچے آگئے ہیں۔

واضح رہے کہ بڑھتے تجارتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی وجہ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ کئی ماہ سے دباؤ کا شکار ہیں، جس میں چین کی جانب سے 2.3 ارب ڈالر کی قرض واپسی کے بعد صورتحال زیادہ خراب ہوگئی۔

جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے اس قرض کے دوبارہ ملنے کی اطلاع دی گئی ہے، اگر ایسا ہوجاتا ہے تو وقتی طور پر زرمبادلہ پر پڑنے والا دباؤ کم ہوجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button