تازہ ترینخبریںسپورٹس

پاکستان ویمنز نے سری لنکا کو پہلا ون ڈے ہرادیا

پاکستان ویمن نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹ سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سری لنکا ویمن ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا جسے قومی ٹیم نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے سدرہ امین نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اوپنر منیبہ علی 14 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں۔

کپتان بسمہ معروف نے ناقابلِ شکست 62 رنز کے ساتھ جیت میں حصہ ڈالا۔

پاکستان اور سری لنکا ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ میں قومی ویمنز ٹیم کی شاندار بولنگ کے سبب سری لنکا کی ٹیم 47.5 اوورز میں 169 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوگئی۔

سری لنکا ویمن ٹیم کی ٹاپ اسکورر کویشا دلہاری رہیں، انہوں نے نا قابل شکست 49 رنز اسکور کیے جبکہ پراسادانی ویرا کوڈی نے 30 اور کپتان چماری اتاپتو 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر غلام فاطمہ رہیں، انہوں نے 10 اوورز میں 4 وکٹ حاصل کیے جبکہ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثناء نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلی جارہی سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز تین صفر سے جیتی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان میں آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے میچ کھیلے جارہے ہیں۔

ریکارڈز کا جائزہ لیا جائے تو ون ڈے فارمیٹ میں سری لنکا ویمنز کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے 30 میں سے 21 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ دسمبر 2005 میں مدمقابل آئیں تھیں، جہاں مہمان اسکواڈ ہی کامیاب ٹھہرا تھا۔

پاکستانی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں عمدہ کارکردگی کے بعد توجہ ون ڈے انٹرنیشنلز پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انعم امین نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثناء کی موجودگی سےبولنگ اٹیک مزید مضبوط ہوتا ہے۔

دوسری جانب مہمان کپتان چماری اتا پتو کا کہنا ہے کہ یہ ایک نیا فارمیٹ ہے اور وہ ایک نئے عزم کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے اب تک مثبت کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، ون ڈے سیریز کے لیے نئی منصوبہ بندی ہے، سیریز رینکنگ بہتر کرنے کیلئے بھی بہت اہم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button