
بے نظیر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کی توسیع منصوبہ پر حکم امتناعی خارج
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے بے نظیر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کی توسیع منصوبہ پر حکم امتناعی خارج کر کے رٹ نمٹا دی۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد ملک امجد علی اعوان ایڈووکیٹ کے دلائل مکمل ہونے پر جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے فیصلہ سنا دیا ۔ہائیکورٹ کے فیصلے سے بے نظیر ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کی توسیع میں بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔
جس پر ایبٹ آباد کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ چکی ہے۔منگل کے روز پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد ڈویژن بنچ میں مذکورہ رٹ پر سماعت ہوئی۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ملک امجد علی اعوان نے عوامی فلاح اور مفاد کے منصوبہ پر دلائل دیئے۔ جس پر جسٹس وقار احمد خان ،جسٹس کامران میاں خیل نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے رٹ کو خارج کر دیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ میں خیبر پختونخوا قدیمی ایکٹ 2017 کے تحت ہسپتال کی توسیع کو روکنے کے لئے رٹ دائر کی گئی تھی ۔جس میں ہسپتال کی عمارت کو تاریخی ورثہ قرار دیتے ہوئے حکم امتناعی حاصل کیا تھا ۔جس کے باعث ہسپتال کی توسیع کے ایک ارب کے منصوبہ پر کام التوا کا شکار ہو گیا تھا ۔
اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد کے وکیل ملک وحید اختر نے ایک قرار داد پیش کی ہسپتال کی توسیع کا کام جا ری رہنا چائیے ۔دریں اثنا ملک امجد علی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد نے قرارداد کو وکلاء کی حمایت سے منظور کرتے ہوئے عدالت عالیہ میں عمل درآمد کروا دیا ۔
انہوں نے عدالت میں استدعا کی کہ ایبٹ آباد کے شہریوں کے لئے صحت کی سہولیات ذیادہ مقدم ہیں ۔ہسپتال کی توسیع سے شہر اور مضافات کے ایک بڑی آبادی کو طبی سہولیات میسر ہوں گی۔وقت کے ساتھ آبادی کے تناسب میں اضافہ ہونے سے ہسپتال کی توسیع ناگزیر ہے۔جس پر پشاور ہائیکورٹ نے مذکورہ رٹ کو خارج کر دیا ۔
فیصلہ کے بعد ایبٹ آباد کے شہریوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور عدالت کے فیصلہ کو حق سچ کی فتح اور مافیا کی ہار قرار دیا ۔شہریوں نے صدر ڈسٹرکٹ بار امجد علی اعوان ایڈووکیٹ کو بھی مبارکباد پیش کی ہے ۔اس موقع وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر کے اقدام کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔