تازہ ترینخبریںپاکستان

ایف بی آر نے مسافروں کی کسٹمز کے خلاف شکایات پر نوٹس لے لیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مسافروں سے کھانے پینے کی اشیا سمیت دیگر سامان ضبط کرنے اور مسافروں کو حراست میں لینے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پُر تعیش اشیا کی درآمد پر مکمل پابندی کے بعد ایف بی آر کی جانب سے ایس آر او 598 جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت تجارتی پیمانے پر درآمد کی جانے والی پُر تعیش اشیا کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تاہم کسٹمز اہل کاروں نے بیرون ملک ملازمت کرنے والے مسافروں کی وطن واپسی پر انھیں ایئر پورٹس پر ناجائز طور پر تنگ کرنا شروع کر دیا تھا، اور مسافروں سے کھانے پینے کی چیزیں، چاکلیٹس تک ضبط کیے جا رہے تھے، اور حراست میں بھی لیا جا رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹس پر تعینات کسٹمز افسران مسافروں کے سامان میں موجود کم مقدار والی اشیا کو بھی ضبط کر رہے تھے، اشیا کو ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ کسٹمز کا عملہ مسافروں کو ہراساں بھی کر رہا تھا۔

ایف بی آر نے اس صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں کہ مسافروں کے سامان میں کم مقدار میں لائی جانے والی اشیا کو ضبط نہ کیا جائے، اس سلسلے میں ایف بی آر نے ملک بھر کے 6 چیف کلکٹرز کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ چیف کلکٹرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ مذکورہ پابندی کا غلط استعمال اور مسافروں کو ہراساں نہ کیا جائے، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ایف بی آر کی جانب سے تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی ایئر پورٹ پر کسٹمز نے ملک پہنچنے والے مسافروں سے متعدد اشیا ضبط کی گئی تھیں، ایئر پورٹ پر مسافروں کو ہراساں بھی کیا گیا تھا، جس پر مسافروں اور شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کسٹمز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button