تازہ ترینخبریںپاکستان

سی پی این ای کے مطالبے پر اشتہارات کے نرخ میں 25 فیصد اضافہ تجویز

حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ سی پی این ای کے مطالبے پر اخبارات و جرائد کے اشتہارات کے نرخ میں 25 فیصد اضافہ تجویز کیا ہے اور نیوز ایجنسیز کے فنڈز کی بحالی کے لئے وزارت خزانہ کو سمری بھجوا دی ہے۔

یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں سی پی این ای کے عہدیداران کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی. وفاقی وزیر نے سی پی این ای کے عہدیداران سے گفتگو کے دوران کہا کہ سی پی این ای کے مطالبہ پر اخبارات و جرائد کے اشتہارات کے ریٹس میں 25 فیصد اضافہ کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا رہے ہیں جس پر حتمی فیصلے کا اختیار وزیر اعظم کو ہے، وہ اس میں کمی بیشی بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 85/15 ادائیگیوں کا ایک شفاف فارمولا ہے جسے حکومت جاری رکھے گی۔ جو اخبارات و جرائد ہر ماہ کی 25 تایخ تک اپنے کلیم جمع نہیں کروائیں گے انہیں ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوز ایجنسیوں کے فنڈ کی بحالی کے لئے بھی وزارت خزانہ کو سمری بھجوا دی ہے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

اس موقع پر صدر کاظم خان نے پرنٹ میڈیا اور سی پی این ای کے اراکین کے دیرینہ مطالبات منظور کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اخبارات و جرائد کے دیرینہ واجبات کی فوری ادائیگیوں کا مطالبہ کیا۔ سی پی این ای کے وفد میں صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، نائب صدر سردار خان نیازی، جوائنٹ سیکریٹریز طاہر فاروق اور شکیل احمد ترابی شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button