تازہ ترینخبریںپاکستان

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا، پرویز الہی

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام ممبران اجلاس میں پہنچیں گے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ارکان اسمبلی دوپہر 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، دیکھتے ہیں منتخب ارکان کو کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی داخلے سے نہیں روک سکتا، میں آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، باپ، بیٹا اسمبلی کیساتھ ایسا اس لئے کر رہے ہیں کہ ان کے پاس نمبر کم ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب ہیں، گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔

مسلم ن نے آئین کے آرٹیکل 127 کے تحت قرارداد جمع کرائی تھی۔

ایجنڈے کے متن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس سے متعلق پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

مال روڈ پر ایوان وزیر اعلیٰ سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے جبکہ ایوان اقبال کی طرف سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والا راستہ بھی بند کیا گیا ہے۔

مال روڈ میں مختلف جگہوں پر بیریئرز رکھ دیئے گئے ہیں، خاردار تاروں سے بھی راستے بند کردیئے گئے۔

انتظامیہ نے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے اور اسمبلی کے دروازوں کے سامنے خار دار تاریں لگا دی گئیں۔

پنجاب اسمبلی کے افسران کی گرفتاریوں کے پیش نظر پولیس کو الرٹ کیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے چند گھنٹے پہلے پولیس کا ایکشن ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گرفتار، سیکرٹری اسمبلی اور سیکرٹری کوآرڈینیشنکے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔

لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گھر کے اندر داخل ہوئی۔

خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی کے 30 مئی کو منعقد ہونے والے اجلاس کی تاریخ تبدیل کر کے آج بروز اتوار ایک بجے اجلاس طلب کرلیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ تیسری بار تبدیل کی گئی ہے، اس سے قبل 28 اپریل کو اجلاس طلب کیا گیا تھا مگر کارروائی کے بغیر ہی اسے 16 مئی تک مؤخر کردیا گیا تھا۔

16 مئی کو ہونے والا اجلاس بھی انعقاد سے پہلے ہی 30 مئی تک موخر کردیا گیا تھا تاہم اب تیسری بار تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اجلاس آج 22 مئی اتوار ایک بجے بعد دوپہر طلب کیا گیا ہے، اجلاس آج طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button