تازہ ترینخبریںپاکستان

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے تاریخ ساز ریلیف پیکیج

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے صوبے کے عوام کیلئے چیف منسٹر ریلیف پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں آٹے کی قیمت میں ریکارڈ کمی کا اعلان کیا ہے او رکہا ہے کہ مارکیٹ میں 10 کلو آٹا تھیلا کی قیمت اس وقت 650 روپے سے زائد ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب بھر کے عوام کیلئے 10 کلوآٹا تھیلا کے نرخ میں 160 روپے کمی کا فیصلہ کیا ہے اور پورے صوبے میں ہر جگہ 10 کلو آٹا تھیلا 490 روپے میں دستیاب ہو گا جس سے صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا اور مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی کیلئے عوام پرتقریباً سالانہ 200 ارب روپے کا بوجھ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت نے رواں برس 45 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی ہے جس میں سیکرٹری خوراک کو شاباش دیتا ہوں۔ عالمی منڈی میں اس وقت گندم 4 ہزار روپے فی من کے حساب سے مل رہی ہے جبکہ ہم نے اپنے کاشتکار سے 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی ہے۔وہ آج ماڈل ٹاؤن میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤ ں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اراکین پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر، سید حسن مرتضیٰ، معاویہ اعظم، میاں خالد محمود، جگنو محسن، نعمان لنگڑیال، اویس لغاری، عطا ء اللہ تارڑ اور ذیشان رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ آٹے کی طرح چینی اور گھی کی قیمتیں بھی کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور انشاء اللہ اس بارے میں بھی جلد عوام کو مزید خوشخبری دیں گے۔

میں خود بازاروں کے دورے کروں گا اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ کروں گا۔ آپ جانتے ہیں کہ سب سے پہلے شریف فیملی کی شوگر ملوں نے چینی کا ریٹ کم کیا ہے۔ہم دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کردیا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول کیلئے مربوط پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جائز منافع کمانا تاجروں کا حق ہے لیکن کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بتایا کہ30 اپریل کو میں نے صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کا آغاز کیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ ابھی تک صدر کے منصب پر بیٹھے شخص کی آئین شکنی کے باعث کابینہ حلف نہیں اٹھا سکی۔ صدر نے عدالتو ں کے حکم کا احترام بھی نہیں کیا۔آئین شکنی کی ایسی مثال 74 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ ایوان صدر میں بیٹھا شخص پاکستان کا مجرم ہے۔ 12 کروڑ عوام کا یہ صوبہ ابھی تک گورنر سے محروم ہے۔ پرویز الٰہی نے اسمبلی میں ہماری خواتین پر غنڈوں سے حملہ کرایا اور اب قائم مقام گورنر کا حلف نہ اٹھا کر ہٹ دھرمی کر رہے ہیں۔

پنجاب کابینہ کا حلف نہ لے کر صوبے کے عوام سے زیادتی کی جا رہی ہے کیونکہ بے شمار فیصلے کابینہ کرتی ہے۔ لیکن میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ایک لمحہ ضائع کئے بغیر عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ عمران نیازی سن لیں میری راہ میں جتنی مرضی خاردار تاریں بچھائیں میں ان خاردار تاروں کو عبور کرکے عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور کوئی طاقت مجھے مخلوق خدا کی خدمت سے نہیں روک سکتی۔ عمران نیازی کے دور میں پاکستان کے ساتھ 4 برس کھلواڑ کیا گیا۔ یہ سیاست نہیں کر رہا بلکہ سیاست کی آڑ میں انتشار اور افراتفری چاہتا ہے۔ عمران نیازی اداروں پر حملہ کرکے انہیں بدنام کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

ڈالر کی قیمت میں اضافہ عمران نیازی کی نااہلی کی وجہ سے ہوا ہے جس نے 6 ماہ تک یہی فیصلہ نہیں کیا کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جائے یا نہ۔ اس کے دور میں روپیہ 40 فیصد گرا۔ یہ شخص قوم پر ظلم کرکے آج انقلاب کے نعرے لگا رہا ہے۔ عمران نیازی کہتا ہے کہ میرے مارچ میں فوج کے خاندان بھی ہوں گے۔ یہ بات بڑی سنگین بات ہے اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ جب معیشت وینٹی لیٹر پر ہے،سیاسی انتشار عروج پر ہے اور پاکستان کے دشمن گھات لگائے بیٹھے ہیں تو یہ فوج کو تقسیم کرنے کی سازش سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔

یہ پاکستان کی تباہی اور بربادی چاہتا ہے۔ اگر تم آلو پیاز کے ریٹ کم کرنے کیلئے وزیراعظم نہیں بنے تو پھر کرنے کیا آئے تھے؟ احتساب کا جھوٹا نعرے لگانے والا عمران نیازی توشہ خانے کی چوری کا جواب نہیں دے سکا۔ تم پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہو۔ اداروں اور عوام کو اس کا نوٹس لینا پڑے گا کیونکہ تم نے پاکستان کے دوست ملکوں کو ناراض کیا ہے اور سفارتی تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف نے مجھے مخلوق خدا کی خدمت کرنا سکھایا ہے۔ عمران نیازی کی غلط پالیسیوں کے باعث مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا اور عام آدمی کی قوت خرید تقریباً ختم ہو چکی ہے اورغریب کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

میری کابینہ نہیں حلف لے سکی تو بھی کوئی بات نہیں۔ میں ہر حال میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہوں گا۔ سدا بادشاہی اللہ تعالیٰ کی ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ کی رضا ہوگی میں اس منصب پر رہوں گا۔ یہ پاکستان میں انتشار اور افراتفری پھیلا رہے ہیں اور ہم عوام کے دکھوں کا مداوا کر رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے مسائل حل کریں گے اور خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

سابق دور میں افسروں کو رشوت دے کر پوسٹنگ دی جاتی رہی لیکن ہمارے ہوتے ہوئے دیانتدار اور محنتی افسرو ں کو میرٹ پر لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں کینسر کے مریضوں کے ساتھ دیگر مریضوں کو بھی مفت ادویات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تم کارکردگی میں تو ہمارا مقابلہ کر نہیں سکتے سیاسی میدان کھلا ہے آؤمقابلہ کرو۔ انہو ں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے۔پرویز الٰہی مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں۔ جن غنڈوں نے پنجاب اسمبلی میں حملہ کیا ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ دوست محمد مزاری کو کچھ ہو جاتا تو کون ذمہ دار ہوتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت لوڈ شیڈنگ فری ملک چھوڑ کر گئی۔ عمران نیازی کے دو رمیں بجلی پلانٹس کی دیکھ بھال نہیں ہوئی اور فرنس آئل میں اپنے پیاروں کو نوازا گیا جس کا خمیازہ اب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے کیونکہ عمران نیازی باردوی سرنگیں بچھا کر گیا۔پنجاب کو فرح گوگی چلاتی تھی اور پیسے کماتی تھی۔یہ تمام عوام کے مجرم ہیں جن کے اصل چہرے عوام کے سامنے لائیں گے۔

تحریک انصاف نہیں چاہتی کہ یہ نظام چلے اور عمران نیازی نے ”میں نہ مانوں“ کی رٹ لگا رکھی ہے۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے قائم و دائم رہے گا لیکن عوام کو عمران نیازی پر کڑی نظر رکھنی پڑے گی کیونکہ یہ اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان سے دشمنی کررہاہے اور اسی لئے اس نے آئین اور قانون کی پامالی کی۔ اگرعدالت عظمیٰ رات 12 بجے نہ کھلتی تو آج اس ملک میں کوئی قانون اور آئین نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور اس کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ عمران نیازی کا مارچ لانگ نہیں بلکہ خوف مارچ ہے۔

راولپنڈی کا ایک سابق وزیر کہتا تھا کہ ہتھکڑیاں ہمارا زیور ہیں اور جیل ہمارا گھر لیکن اگلے ہی روز وہ عدالت جاتا ہے اور ضمانت کرا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریو ں کو 4 برس کی چوری کا حساب دینا ہوگا۔ شہزاد اکبر نے کئی ماہ تک میرے بھائی کے اکاؤنٹس منجمد رکھے اور انتقاماً ہمارے خلاف کیس بنائے گئے لیکن ہم ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے انتقام کی بو آتی ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button