تازہ ترینخبریںپاکستان

ٹی ٹی پی نے حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں 30 مئی تک توسیع کردی

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کردیا جبکہ دہشت گرد تنظیم کے ساتھ افغانستان میں مذاکرات جاری ہیں۔

واٹس ایپ گروپ کے ذریعے میڈیا کو جاری اعلامیے کے مطابق تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے بتایا کہ جنگ بندی 30 مئی تک برقرار رہے گی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسلامی امارات افغانستان کی ثالثی میں تحریک طالبان اور حکومت پاکستان کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

محمد خراسانی نے مزید کہا کہ محسود قبیلے کے 32 افراد پر مشتمل کمیٹی اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف قبائل کی 16 افراد پر مشتمل کمیٹی نے بھی حکومت پاکستان کے مطالبے پر تحریک طالبان پاکستان کی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ 13 اور 14 مئی کو مذاکرات کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں دونوں جانب سے پرزور مطالبہ کیا گیا تھا کہ کمیٹیوں سے جاری مذاکرات کی روشنی میں فائر بندی کا اعلان ہونا چاہیے، ان کے اس مطالبے پر فریقین نے اتفاق کرتے ہوئے 30 مئی تک فائر بندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی امارات، ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے پشتو می کیے گئے متعدد ٹوئٹس میں بتایا کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور جنگ بندی پر رضامندی ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی امارات افغانستان نیک نیتی سے اس عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ دونوں جانب سے لچک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button